منگل, اگست 18, 2026
اشتہار

یو اے ای ویزا لینے والوں کیلیے بڑی سہولت

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا 5 سالہ ملٹی پل انٹری ٹورسٹ ویزا کے درخواست گزاروں کیلیے بڑی سہولت کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہاں آنے والوں کو کسی اسپانسر یا میزبان کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم درخواست گزار کے اکاؤنٹ میں کم از کم 4 ہزار ڈالر ہونا لازمی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز دبئی (جی ڈی آر ایف اے) نے 5سالہ ملٹی پل انٹری ٹورسٹ ویزا کی شرائط اور طریقہ کار واضح کر دیا ہے۔

اس ویزے کے ذریعے دنیا بھر کے شہری بغیر کسی اسپانسر یا میزبان کے متعدد بار یو اے ای کا سفر کر سکتے ہیں۔

UAE tourist visa Stay 180 days

حکام کے مطابق یہ سیلف اسپانسرڈ ویزا پانچ سال کے لیے مؤثر ہوگا اور اس دوران ویزا ہولڈر جتنی بار چاہے یو اے ای میں آ اور جاسکے گا۔

ہر بار زیادہ سے زیادہ 90 دن قیام کی اجازت ہوگی، جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید 90 دن کی توسیع بھی حاصل کی جا سکتی ہے، تاہم ایک سال کے دوران مجموعی قیام 180 دن سے زیادہ نہیں ہوسکتا۔

یہ ویزا خاص طور پر سیاحوں بار بار سفر کرنے والے افراد، اپنے اہل خانہ سے ملنے آنے والوں اور کاروباری مسافروں کی سہولت کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

ویزا کے لیے ضروری شرائط

درخواست گزار کے پاس کم از کم 6 ماہ کارآمد پاسپورٹ، حالیہ پاسپورٹ سائز تصاویر، مؤثر ہیلتھ انشورنس، واپسی کا ٹکٹ اور گزشتہ 6 ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ ہونا ضروری ہے۔

اس کے علاوہ درخواست گزار کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ درخواست سے قبل گزشتہ چھ ماہ کے دوران اس کے بینک اکاؤنٹ میں کم از کم 4 ہزار امریکی ڈالر یا اس کے مساوی رقم موجود رہی ہے۔

درخواست دینے کا طریقہ کار 

درخواستیں یو اے ای کے سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور اسمارٹ ایپلی کیشنز کے ذریعے 24 گھنٹے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ کسٹمر ہیپی نیس سینٹرز اور عامر سروس سینٹرز کے ذریعے بھی درخواست دی جا سکتی ہے۔

درخواست گزار کو مطلوبہ سروس منتخب کرنے، فارم مکمل کرنے، ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے اور مقررہ فیس جمع کرانے کے بعد درخواست کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔

فیس اور اہم ہدایات

پانچ سالہ ٹورسٹ ویزا کی مجموعی فیس 3ہزار713 درہم ہے، جس میں ویزا فیس، سروس چارجز اور قابلِ واپسی سیکیورٹی ڈپازٹ بھی شامل ہے۔ تاہم بعض اضافی تقاضوں کے باعث رقم مختلف ہوسکتی ہے۔

اس حوالے سے متعلقہ حکام نے ہدایت کی ہے کہ ویزا ہولڈرز مقررہ مدت سے زیادہ قیام سے گریز کریں اور اپنے داخلے اور اخراج کا ریکارڈ ٹریول موومنٹ رپورٹ کے ذریعے چیک کرتے رہیں تاکہ جرمانے سے بچا جا سکے۔

وضاحت کے اہم نکات :

مذکورہ ویزے کیلیے تمام ممالک کے شہری درخواست دے سکتے ہیں اس کیلیے اسپانسر یا میزبان کی ضرورت نہیں۔ ویزا کی مدت پانچ سال ہوگی۔ متعدد بار داخلے اور خروج کی اجازت ہوگی۔

ہر سفر پر 90 دن قیام کی اجازت جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید 90 دن تک توسیع ممکن ہے۔ اس کے علاوہ مجموعی طور پر ایک سال میں قیام 180 دن سے زیادہ نہیں ہوگا۔

 

یو اے ای : کن ملازمین کی تنخواہوں میں 92 فیصد تک اضافہ؟

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں