طلبا کیلیے خوشخبری ہے کہ کینیڈا کی یونیورسٹی نے 2027 کے لیے انجینئرنگ اسکالرشپ کی درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع کر دیا۔
کینیڈا کی یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا (UBC) نے ستمبر 2027 کے تعلیمی سیشن کے لیے اپنے ‘ماسٹر آف اپلائیڈ سائنس (MASc) ان الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ’ پروگرام میں داخلے کی درخواستیں 15 اکتوبر 2026 سے وصول کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تحقیق پر مبنی یہ ڈگری کینیڈین اور بین الاقوامی طلبہ (بشمول پاکستانی درخواست دہندگان) کے لیے دستیاب ہے، اور درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔
UBC کے جاری کردہ فنڈنگ کے اعداد و شمار کے مطابق، مالی معاونت حاصل کرنے والے طلبہ کے گروپ (cohort) کو تعلیم کے پہلے دو سالوں کے دوران 32,575 کینیڈین ڈالرز (CAD) کی سالانہ ‘میڈین’ (وسطی) فنڈنگ موصول ہوئی۔
ٹیوشن اور دیگر تعلیمی اخراجات کی کٹوتی کے بعد یہ خالص (net) فنڈنگ 22,970 کینیڈین ڈالرز تھی۔
تاہم، ان اعداد و شمار کی ہر طالب علم کے لیے ضمانت نہیں دی جا سکتی، کیونکہ مالی معاونت کا انحصار دستیاب اسکالرشپس، ریسرچ اسسٹنٹ شپس، تدریسی آسامیوں اور سپروائزر کی جانب سے فراہم کردہ فنڈنگ پر ہوتا ہے۔
یونیورسٹی کی سالانہ ٹیوشن فیس بین الاقوامی طلبہ کے لیے تقریباً 10,081.65 کینیڈین ڈالرز اور مقامی طلبہ کے لیے 5,738.52 کینیڈین ڈالرز ہے۔
اہل بین الاقوامی طلبہ 3,200 کینیڈین ڈالرز سالانہ تک کا ‘انٹرنیشنل ٹیوشن ایوارڈ’ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ درخواست دہندگان کے پاس عام طور پر متعلقہ شعبے میں چار سالہ بیچلر ڈگری، بہترین تعلیمی ریکارڈ، انگریزی زبان میں مہارت کا ثبوت (جہاں ضروری ہو) اور تین سفارشی خطوط (recommendation letters) کا ہونا ضروری ہے۔ GRE کا امتحان لازمی نہیں ہے۔


