(12 اگست 2026): فلم ’ویلکم‘ کے مشہور کردار ادے شیٹی (نانا پاٹیکر) اور مجنوں بھائی (انیل کپور) کے مداحوں کیلیے بڑی خوشخبری آگئی۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ادے شیٹی اور مجنوں بھائی فیروز ناڈیاڈوالا کی اگلی زومبی کامیڈی فلم میں کام کرنے کیلیے بات چیت کر رہے ہیں جس کی ہدایت کاری احمد خان کریں گے۔
فیروز ناڈیاڈوالا نے انیل کپور اور نانا پاٹیکر کی اس جوڑی کو ایک بالکل نئے اور انوکھے کردار کی پیشکش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مجنوں بھائی کی ’شاہکار‘ پینٹنگ کی بھول بھلیاں 3 میں انٹری
معاملے سے واقف ذریعے نے بتایا کہ یہ دو افراد کا ایک ایسا کردار ہے جس میں نئے دور کا ادے اور مجنوں بننے کی پوری صلاحیت موجود ہے، دونوں ہی فیروز ناڈیاڈوالا کے ساتھ اس سفر پر نکلنے کیلیے پرجوش ہیں۔
ذریعے نے مزید بتایا کہ فلم کا اسکرپٹ فی الحال لکھا جا رہا ہے، فیروز ناڈیاڈوالا نے اس زومبی کامیڈی فلم کیلیے ٹائیگر شروف کو مرکزی ہیرو کے طور پر فائنل کر لیا ہے اور اب وہ ایک شاندار کاسٹ کے ساتھ اس کی تیاری کر رہے ہیں، یہ فلم بھی فیروز ناڈیاڈوالا کی فیملی کامیڈی کائنات کا حصہ ہوگی کیونکہ اسے بچوں کیلیے دوستانہ زومبی کامیڈی کے طور پر بنانے کا ارادہ ہے۔
فلم 2027 کے شروع میں شیڈول کے مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔


