بدھ, مئی 20, 2026
اشتہار

یوگنڈا کے آرمی چیف کا ترکیہ سے ایک ارب ڈالر اور شادی کیلئے ’خوبصورت ترین خاتون‘ کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

کمپالا(13 اپریل 2026): یوگنڈا کے صدر یوویری موسیوینی کے صاحبزادے اور دفاعی افواج کے سربراہ موہوزی کینیروگابا نے ترکیہ سے ایک ارب ڈالر معاوضے اور ملک کی خوبصورت ترین خاتون سے شادی کا مطالبہ کر کے سفارتی حلقوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔

موہوزی کینیروگابا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری اپنے بیانات میں ترکیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر 30 دن کے اندر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو یوگنڈا ترکیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر دے گا اور کمپالا میں ترک سفارت خانہ بند کر دیا جائے گا۔

انہوں نے ترکیہ پر الزام لگایا کہ وہ صومالیہ میں بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے مالی فائدہ اٹھا رہا ہے، جبکہ یوگنڈا گزشتہ دو دہائیوں سے وہاں امن و امان کے قیام کے لیے جانی و مالی قربانیاں دے رہا ہے۔

یوگنڈا کے آرمی چیف کا موقف ہے کہ صومالیہ میں شدت پسند تنظیم الشباب کے خلاف افریقی یونین کے مشن میں یوگنڈا کی شمولیت کے بدلے ترکیہ کو ‘سیکیورٹی ڈیویڈنڈ’ کے طور پر ایک ارب ڈالر ادا کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ کے لیے یہ ایک سادہ سودا ہے، یا تو وہ ہمیں ادائیگی کریں یا میں ان کا سفارت خانہ بند کر دوں گا۔

مالی مطالبے کے ساتھ ساتھ کینیروگابا نے ایک اور متنازع تبصرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ترکیہ اپنی قوم کی سب سے خوبصورت خاتون ان کے حوالے کرے تاکہ وہ اس سے شادی کر سکیں۔

انہوں نے ترکیہ پر یوگنڈا کے ساتھ ناانصافی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایسے دوست کی کسے ضرورت ہے جو پیٹھ میں چھرا گھونپے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یوگنڈا کے شہریوں کو ترکیہ کا سفر نہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ یوگنڈا تقریباً 20 سالوں سے صومالیہ میں عسکری مشن کا حصہ ہے، تاہم اس تازہ بیان نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ میں شدید اضافہ کر دیا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں