کراچی (25 فروری 2026): پاکستانی شہریوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ اب وہ برطانیہ کے لیے ’’ای ویزا‘‘ استعمال کر سکیں گے۔
سیاح اور کاروباری دوروں والے پاکستانی بھی ای ویزا نظام سے مستفید ہو سکیں گے، اب ویزے کی تصدیق ای میل کے ذریعے ملے گی، اور پاسپورٹ پر اسٹیکر کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔
درخواست دہندگان آن لائن درخواست جمع کرائیں گے اور بائیو میٹرک کرائیں گے۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق درخواست دہندگان کو ڈیجیٹل ریکارڈ کے ذریعے ای ویزا فراہم کیا جائے گا، ای ویزا ’’یو کے ویزا اینڈ امیگریشن‘‘ کے آن لائن اکاؤنٹ سے حاصل کیا جا سکے گا۔
ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ اب پاسپورٹ لینے کے لیے دوسرا ویزا سینٹر دورہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، اور درخواست دہندگان شیئر کوڈ بنا کر ویزے کی حیثیت کسی بھی بارڈر پر دکھا سکتے ہیں، ویزے کے عمل، اہلیت یا شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی شہریوں کے لیے یہ بہت بڑی سہولت ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


