لندن : برطانیہ میں موٹاپے سے نجات کی سرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم میں لوگوں کو صحت مند خوراک استعمال کرنے کی عادت ڈالنے، زیادہ فعال رہنے اور وزن کم کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں موٹاپے سے نجات کی سرکاری مہم کاآغازکردیاگیا، وزیر صحت میٹ ہینکاک کا کہنا ہے کہ اگرہرشہری اپنا وزن پانچ پونڈ کم کرلے تو قومی صحت کےادارے پر دس کروڑ پائونڈ کا بوجھ کم ہوجائے گا۔
برطانیہ یورپ میں 63 فیصد صحتمند افراد کا وزن زیادہ ہے اور موٹے افراد کی تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آتا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی جانب سے اس مہم کو ’’وزن گھٹاؤ این ایچ ایس بچاؤ‘‘ کا نام دیا گیا ہے انھوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا ہے کہ میرے کورونا کے شکار ہونے کا ایک بڑا سبب میرا زیادہ وزن تھا۔
برطانوی حکومت موٹاپے کیخلاف سرکاری مہم پرایک کروڑ پاؤنڈ خرچ کرے گی، یہ منصوبہ 12 ہفتوں پر مشتمل ہے، جس میں لوگوں کو صحت مند خوراک استعمال کرنے کی عادت ڈالنے، زیادہ فعال رہنے اور وزن کم کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
ماہرین کےمطابق زیادہ وزن کے لوگوں کے شدید بیمار پڑنے اور کورونا کے سبب ہلاکتوں کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے جبکہ موٹاپا ٹائپ ٹو ذیابیطس، بعض اقسام کے سرطان ،جگر اور سانس کے امراض کا سبب بھی بنتا ہے۔
پبلک ہیلتھ انگلینڈ (پی ایچ ای) کے مطالعے کے مطابق کرونا وائرس میں مبتلا افراد میں موٹاپے سے موت کے خطرے میں 40 فیصد اضافہ ہو جاتا ہے۔