منگل, جولائی 21, 2026
اشتہار

وزن کم کرو ورنہ نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھو، برطانیہ میں سمندر پار کارکنوں کو انتباہ

اشتہار

حیرت انگیز

لندن (10 نومبر 2025): برطانیہ میں ’نارتھ سی‘ کے تیل کے ہزاروں کارکنوں کو کہا گیا ہے کہ اگر وہ اپنا وزن کم نہیں کریں گے تو انھیں سمندر پار جانے کی اجازت نہیں ملے گی، اور نتیجتاً ان کی نوکریاں بھی خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

برطانوی کمپنی ’آف شور انرجیز یو کے‘ نے بحیرہ شمال میں تیل کے کنوؤں پر کام کرنے والے مزدوروں کو خبردار کیا ہے کہ نومبر 2026 سے سمندر میں تیل کے کنووؤں پر جانے والے ہر مزدور کا کپڑوں سمیت زیادہ سے زیادہ وزن 124.7 کلو گرام ہونا چاہیے، تاکہ کسی ہنگامی صورت حال میں انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ طریقے سے اوپر کھینچا جا سکے۔

کوسٹ گارڈ کے ریسکیو ہیلی کاپٹر زیادہ سے زیادہ 249 کلو وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور اس وزن میں کارکن کا وزن 124.7 کلو گرام، امدادی اہلکار کا اوسط وزن 90.3 کلو گرام، اسٹریچر کا وزن 29 کلو گرام، اور حفاظتی سامان (کِٹ) کا وزن 5 کلو گرام شامل ہیں۔

کن افراد کو اب امریکا کا ویزا نہیں ملے گا؟

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس وقت 2 ہزار 200 مزدوروں کا وزن مقررہ حد سے زیادہ ہے، اگر انھوں نے وزن کم نہ کیا تو انھیں اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔ بی بی سی کے مطابق سمندری کارکنان اپنا وزن کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم کئی ملازمین کو ملازمت سے محروم ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔

کمپنی کی ایک رپورٹ کے مطابق ریسکیو وِنچز سمندر پار ہنگامی حالات میں زندگی بچانے کے لیے نہایت اہم ہیں، لیکن یہ ونچز زیادہ وزن والے افراد کو محفوظ طور پر نہیں اٹھا سکتیں۔ کمپنی کے مطابق 2008 سے اب تک سمندری کارکنوں کے اوسط وزن میں تقریباً 10 کلو گرام کا اضافہ ہو چکا ہے۔ یہ فیصلہ ماہرین کے ڈھائی سالہ صنعتی جائزے کے بعد کیا گیا ہے، جس کا مقصد کارکنوں کی محفوظ ریسکیو صلاحیت کو یقینی بنانا تھا۔

اس سے قبل ہیلی کاپٹر کے ذریعے آنے جانے والے کارکنوں کے لیے کندھے کی چوڑائی سے متعلق اصول بھی متعارف کرائے گئے تھے۔ جن کارکنوں کے کندھوں کی چوڑائی 22 انچ (56 سینٹی میٹر) یا اس سے زیادہ تھی، انھیں ’ایکسٹرا براڈ‘ قرار دیا گیا تھا، اور انھیں ہیلی کاپٹر کی ایسی کھڑکی کے ساتھ بیٹھنے کا پابند کیا گیا تھا جس سے وہ ہنگامی حالت میں نکل سکیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں