لندن : برطانوی پارلیمنٹ میں امریکا ایران جنگ بندی کی کوششوں پر پاکستان اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے کردار کی تعریف کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا (ہاؤس آف لارڈز) میں 15 جون 2026 کو مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر ایک اہم بحث کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر ایوان کے متعدد معزز ارکان نے خطے میں امن و استحکام کے قیام اور مذاکرات کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی کاوشوں کو نمایاں طور پر اجاگر کیا۔
بحث کے دوران لارڈ احمد آف ومبلڈن نے پاکستان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ایوان کو مخاطب کیا اور کہا انہیں یقین ہے کہ برطانوی وزیر اور تمام ارکان پاکستان کے اس اہم کردار کو تسلیم کریں گے۔
انہوں نے پاکستان اور قطر کی مؤثر معاونت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خصوصی طور پر اردو زبان میں کہا، "پاکستان کا بہت بہت شکریہ”۔
برطانوی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے بیرونس چیپمین آف ڈارلنگٹن نے بھی پاکستان کے مثبت کردار کی تائید کی اور امریکہ و ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
بحث کے دوران وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی امن پسندی اور انتھک سفارتی کوششوں کا تذکرہ بھی نمایاں رہا۔
لارڈ باربر آف چٹل ہیمپٹن نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بڑی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف کو باضابطہ طور پر مبارکباد پیش کرے اور دیرپا امن کے لیے ان کے عزم کو سراہے۔
اس مطالبے کے جواب میں بیرونس چیپمین آف ڈارلنگٹن نے اعتراف کیا کہ پاکستان کے جناب شہباز شریف نے انتہائی شاندار کام کیا ہے اور وہ یقیناً عالمی سطح پر تعریف اور تحسین کے مستحق ہیں۔


