برطانوی دارالامرا نے پناہ کے خواہش مندوں کو رونڈا منتقل کرنے کا متنازع بل منظور کر لیا۔ شاہ چارلس سوم کی توثیق کے بعد قانون بن جائے گا۔ غیرقانونی طور پر برطانیہ آنے والوں کو روانڈا منتقل کردیا جائے گا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی دارالعوام کے بعد دارالامرا نے بھی متنازع روانڈا بل منظور کرلیا۔ برطانوی وزیراعظم رشی سونک کا کہنا ہے غیرقانونی طور پر آکر سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کو جلد روانڈا منتقل کر دیا جائے گا۔
شاہ چارلس سوم کی جانب سے منظوری کے بعد بل قانون بن جائے گا اور وہ تمام افراد جو غیر قانونی طور پر برطانیہ آئے اور سیاسی پناہ کے متلاشی ہیں انہیں روانڈا منتقل کر دیا جائے گا۔
برطانوی سپریم کورٹ نے مذکورہ بل کو گزشتہ سال غیرقانونی جبکہ انسانی حقوق کے اداروں نے متنازع اور شرمناک قرار دیا تھا۔
بی بی سی کے مطابق دوہزاراٹھارہ سے اب تک افریقا، ایشیا اور مشرق وسطیٰ سے ایک لاکھ بیس ہزار افراد غیرقانونی طریقے سے برطانیہ پہنچے ہیں۔
نیشنل آڈٹ آفس کا کہنا ہے تین سو افراد کی منتقلی پر چھ سو پینسٹھ ملین ڈالرخرچ ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر تُرک کا کہنا ہے پناہ گزینوں کو روانڈا منتقل کرنے کا فیصلہ انسانی حقوق سے متضاد ہے۔