تازہ ترین

دو سال میں دہشت گردی کے 19 حملے ناکام بنائے، برطانوی وزیر داخلہ

لندن: برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران دہشت گردی کے 19 بڑے حملے ناکام بنائے گئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے اسکاٹ لینڈ یارڈ میں سیکیورٹی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو سال کے دوران 19 دہشت گردی کے حملے ناکام بنائے، ان میں سے 14 حملے جہادیوں کی جانب سے جبکہ 5 دائیں بازو کے انتہا پسند نظریات پریقین رکھنے والے برطانوی باشندوں نے باغیوں کے زیر تسلط علاقوں میں کیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ واپس آنے والے جہادیوں کو سزا دلوانے کے لیے موجودہ قوانین کو اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے کیونکہ موجودہ قوانین کے تحت ان کو سزا دلانا بہت مشکل ہے۔

برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ غداری سے متعلق برطانوی قوانین میں دہشت گردی اور حکومت مخالف سرگرمیوں کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ دہشت گردوں کو سزا دی جاسکے۔

مزید پڑھیں: برطانیہ میں چاقو زنی کے واقعات کو روکنے کیلئے سب کو متحد ہونا پڑے گا، ساجد جاوید

ساجد جاوید نے کہا کہ شمالی شام میں موجود تمام برطانوی باشندے 28 دن کے اندر علاقہ چھوڑ دیں ورنہ برطانیہ واپسی پر انہیں 10 سال قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے، شام کے شمال مغربی علاقے ادلب سے برطانوی شہریوں کی واپسی روکنے کے لیے نئے اختیارات بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی حکام نے داعش میں شمولیت کے لیے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے انتھک کوششیں کی ہیں، سرحد پر ایسے لوگوں کے پاسپورٹ ضبط کیے اور انہیں ملک چھوڑنے سے روک دیا گیا۔

برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں ملکی اور بیرونی طور پر لاحق خطرات کا تدارک کرنے کے لیے ضروری اختیارات کی ضرورت ہے۔

Comments

- Advertisement -