تازہ ترین

برطانیہ جانے کے خواہشمند افراد کے لیے خوش خبری

لندن: برطانیہ میں ڈرائیورز کا بحران شدت اختیار کر گیا، جس سے نمٹنے کے لیے ویزا ضوابط میں نرمی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت کو ٹینکر چلانے والے ڈرائیورز کی شدید کمی کا سامنا ہے، حکومت اس بحران پر قابو پانے کے لیے عارضی طور پر ویزا ضوابط میں نرمی کرنے جا رہی ہے۔

اس اقدام سے غیر ملکی ڈرائیورز کی برطانیہ میں آمد کا راستہ آسان ہو جائے گا اور وہ برطانیہ میں کام کر سکیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈرائیورز کی اس کمی کے اثرات برطانیہ میں فیول سپلائی پر بھی پڑے ہیں، جس کی وجہ سے بہت سارے فیول اسٹیشنز عارضی طور پر بند ہو گئے ہیں۔

ٹینکر ڈرائیورز نہ ہونے کی وجہ سے حالیہ دنوں میں پیٹرول اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں بھی لگی رہیں، کیوں کہ لوگوں نے حکومت کی اس ہدایت کو نظر انداز کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ افراتفری میں اضافی فیول نہ خریدیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً ایک لاکھ ہیوی گڈز وہیکل ڈرائیورز کی کمی ہے اور اس کے لیے 5 ہزار عارضی ویزے جاری کیے جا سکتے ہیں۔

یہ فیصلہ بورس جانسن کی حکومت کے بریگزٹ امیگریشن رولز کے برعکس ہے جس کی تحت کہا گیا تھا کہ برطانیہ کا غیرملکی لیبر پر انحصار ختم ہونا چاہیے، تاہم برطانوی وزیر اعظم پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ وبا اور بریگزٹ کے بعد پیدا ہونے والی ڈرائیورز کی کمی کو پورا کریں۔

ڈرائیورز کی کمی کی وجہ سے نہ صرف بروقت فیول سپلائی متاثر ہوئی ہے، بلکہ خوراک اور دیگر اشیا کی ڈلیوری پر بھی اثر پڑا ہے۔

Comments

- Advertisement -