پیر, دسمبر 9, 2024
اشتہار

امریکہ نے یوکرین کے لیے ایک بار پھر فوجی امداد کی منظوری دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

امریکہ نے یوکرین کو ایک بار پھر بارودی سامان اور جنگی گاڑیاں دینے کی تیاری کرلی، اس سلسلے میں نئے امدادی پیکج کے تحت 725ملین ڈالر مالیت کے جنگی ساز و سامان کا پیکج بنالیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ کی جوبائیڈن انتظامیہ یوکرین کو فوری طور پر نئے امدادی پیکج کے تحت 725 ملین ڈالر مالیت کا بارودی سامان اور جنگی گاڑیاں دے گی تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس نئی امدادی کھیپ میں فضائی دفاعی نظام سے متعلق آلات نمایاں نہیں ہوں گے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس پیکج کے عملی شکل اختیار کرنے کے بعد یوکرین کو اب تک امریکہ کی طرف سے دی گئی فوجی امداد کی مالیت 17،5 ارب ڈالر ہو جائے گی۔ امریکہ یوکرین کو یہ امداد 24 فروری کے بعد سے دے رہا ہے جب روس نے یوکرین پر حملہ کیا تھا۔

- Advertisement -

امریکی حکام نے اس نئے امدادی پیکج کے بارے میں بتایا کہ یہ امداد فوری بروئے کار ہوگی، نیز روس کی طرف سے یوکرین کے مختلف شہروں پر حالیہ بمباری کے بعد امریکہ کا پہلا امدادی پیکج ہوگا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جب تک پیکج کا حتمی طور پر اور باضابطہ اعلان نہیں ہو جاتا اس پیکج کی مالیت اور اس میں شامل جنگی سامان میں تبدیلی، اضافہ یا کمی ہوسکتی ہے۔

امکانی طور پر یہ پیکج پچھلے ہفتے یوکرین کو بھیجے گئے امدادی پیکج سے مختلف ہوسکتا ہے۔ یاد رہے کہ پچھلے ہفتے بھجوائے گئے امدادی پیکج میں میزائل شامل تھے۔ وہ پیکج روس کے میزائل حملوں کو جوابی شکست دینے کے لیے تیار کیا گیا تھا جس کے فوائد بھی حاصل ہوئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ یوکرین کو اسی ہفتے امریکہ اور جرمنی کی طرف سے جدید ترین طیارہ شکن نظام مل جائے گا، جس میں میزائل حملوں اور ڈرونز کا جواب دینے کی اہلیت بھی ہوگی۔

یہ امدادی پیکج صدر امریکہ کے خصوصی اختیار ‘پریزیڈنشل ڈراڈاون اتھارٹی ‘ کے تحت دیا جارہا ہے۔ اس اختیار کے تحت صدر کو یہ اختیار ہے کہ فوری طور پر امریکی سٹاک میں سے کسی ملک کو فوجی امداد دے سکیں۔ اس اختیار کے تحت صدر کو کانگریس سے پوچھنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔

یوکرین کے لیے امریکی مالی سال 2023 کے دوران یہ دوسرا پی ڈی اے پیکج ہو گا۔ یہ اختیار مجموعی طور پر امریکی صدر کو دسمبر کے وسط تک 3،7 ارب ڈالر کی فوجی امداد دوسرے ملکوں کو دینے کا اختیار دیتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ ستمبر میں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے وائٹ ہاؤس کو ارسال میمو کے مطابق امریکی صدر بائیڈن نے روس کیخلاف جنگ میں یوکرینی فوج کیلئے 600 ملین ڈالر کے ہتھیاروں کے پیکج کا اعلان کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں