ابوظہبی(23 جنوری 2026): یوکرین امن کے لیے امریکا، روس اور یوکرین کی مذاکراتی ٹیمیں پہلی بار آج متحدہ عرب امارات میں مذاکرات کریں گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین کے صدر زیلنسکی نے ڈیووس میں بتایا کہ روس، یوکرین اور امریکی مذاکراتی وفد آج اور کل سہ فریقی مذاکرات ابوظبی میں ہوں گے۔
زیلنسکی نے ڈیووس میں امریکی صدر ٹرمپ سے بھی ملاقات کی، یوکرینی صدر نے بتایا ہے کہ یوکرین کے لیے حفاظتی کی ضمانتوں کی شرائط کو آخری شکل دے دی گئی ہے، اور جنگ کے بعد معاشی بحالی کے لیے ایک معاہدہ آخری مراحل میں ہے، جس کے بیشتر حصوں پر اتفاق پایا جاتا ہے۔
زیلنسکی نے کہا کہ اپنے ملک کا دفاع کرنا ایک ’انتہائی مہنگا کام‘ ہے۔ انھوں نے عالمی کاروباری اداروں سے اپیل کی کہ وہ یوکرین میں سرمایہ کاری کریں اور اس یقین کے ساتھ آئیں کہ امن قائم ہوگا۔
زیلنسکی نے یورپ اور امریکا کو روس کو میزائل پرزہ جات فروخت کرنے سے نہ روکنے پر کڑی تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ ’یورپ خاموش ہے، امریکا تقریباً خاموش ہے، اور پیوٹن میزائل بنا رہا ہے۔‘
زیلنسکی کے مطابق یورپ ایک ’خوبصورت مگر منتشر کالیڈوسکوپ‘ ہے جو چھوٹے اور درمیانے درجے کی طاقتوں میں بٹا ہوا ہے۔
دوسری جانب امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف بھی آج ماسکو میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


