نیورمبرگ : کامیڈی کنگ عمرشریف کی نماز جنازہ آج جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں اداکی جائےگی، لیجنڈ اداکار کا جسد خاکی کل کراچی لائے جانے کاامکان ہے، ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزارکے احاطے میں کی جائے گی۔
اسٹیج کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کا آخری سفر جاری ہے، جرمنی کے اسپتال میں زندگی کی آخری سانس لینے والےعمرشریف کی نمازجنازہ آج نیورمبرگ کی مسجد میں نماز ظہرکے بعد ادا کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ علامہ محمد اشرف قادری پڑھائیں گے جس میں عمرشریف کے مداحوں سمیت پاکستانی قونصل خانے قونصلیٹ کا عملہ شرکت کرے گا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرشریف کا جسد خاکی منگل کو کراچی لائے جانے کا قوی امکان ہے، ان کا کلیئرنس سرٹیفیکیٹ آج ملے گا۔ عمرشریف کی اہلیہ زریں غزل میت کو لے کرکراچی پہنچیں گی۔
اطلاعات کے مطابق کراچی کے پارک کلفٹن میں عمر شریف کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور تدفین عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
مزار انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں عمر شریف کی میت کی تدفین کےانتظامات شروع کردیئے ہیں۔