دادو : ام رباب چانڈیو کے کزن کے شوہر کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، جس میں عدالت سے بری ہونے والا مرتضیٰ چانڈیو کو دوبارہ نامزد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع دادو میں ام رباب چانڈیو کے کزن کے شوہر ریاض چانڈیو کے قتل کا مقدمہ تھانہ فرید آباد میں درج کر لیا گیا ہے۔
مقتول کے بھائی احسان چانڈیو کی مدعیت میں درج کیے گئے اس مقدمے میں 10 نامزد اور 2 نامعلوم ملزمان کو شامل کیا گیا ہے۔
مقدمے کے مدعی احسان چانڈیو نے ایف آئی آر میں انکشافات کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مقتول ریاض چانڈیو، ام رباب چانڈیو کے والد، دادا اور چچا کے مشہورِ زمانہ قتل کیس میں مشیر تھے۔
مقدمے میں نامزد کیے گئے ملزم مرتضیٰ چانڈیو اور دیگر افراد پہلے بھی ام رباب چانڈیو کے اہلخانہ کے قتل کیس میں نامزد رہ چکے ہیں۔
کچھ عرصہ قبل ہی عدالت نے ام رباب چانڈیو کے والد، دادا اور چچا کے قتل کیس میں مرتضیٰ چانڈیو کو بری کیا تھا۔
مدعی کا مزید کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزمان مقتول ریاض چانڈیو کو ام رباب چانڈیو کیس میں معاونت کرنے پر طویل عرصے سے جان سے مارنے کی سنگین دھمکیاں دے رہے تھے، اور آخر کار انہوں نے فائرنگ کر کے انہیں قتل کر دیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔


