جنیوا : اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اسرائیل پر پابندیوں کیلئے پاکستانی قرارداد منظور کرلی گئی، قراردادمیں اسرائیلی حملوں کونسل کشی کےمترادف قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اسرائیل پر پابندیوں کیلئے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد کے حق میں سینتالیس رکن ممالک میں سے اٹھائیس نے ووٹ دیا جبکہ تین نے مخالفت کی اور تیرہ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد میں اسرائیلی حملوں کو نسل کُشی کےمترادف قراردیا گیا جس میں بچوں، خواتین سمیت تینتیس ہزار سے زائدافراد شہید ہوچکے ہیں۔
قرارداد میں عالمی برادری سےاسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نےجنوری میں فیصلہ دیا تھا کہ غزہ میں نسل کشی کا خطرہ ہے، اسرائیل کو ہتھیاروں، گولہ بارود اور دیگر فوجی سازوسامان کی فروخت، منتقلی یا فراہمی روکی جائےتاکہ انسانی حقوق کیخلاف ورزیوں کو روکا جاسکے۔
یاد رہے غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی چھ ماہ سے جاری ہے، اقوام متحدہ کے مطابق چھ ماہ کے دوران ایک لاکھ سے زائد افراد شہید یا زخمی ہوئے ہیں۔