اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں نے مسلمانوں کا نام ووٹر فہرستوں سے نکالنے پر بھارت سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے تین خصوصی نمائندوں نے بھارتی حکومت کے نام کھلا خط لکھا ہے جس میں لاکھوں مسلمانوں کا نام ووٹر فہرستوں سے نکالنے پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال میں تقریباً 91 لاکھ نام انتخابی فہرستوں سے حذف کرنے کے الزامات ہیں، 12 ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 5 کروڑ 20 لاکھ نام حذف کرنے کے الزامات ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مسلم اور بنگالی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو خصوصاً ٹارگٹ کرکے فہرستوں سے نکالا گیا ہے، نندی گرام میں حذف ووٹرز میں 95 فیصد مسلمان تھے جبکہ حلقے میں مسلم ووٹر 25 فیصد تھے۔
Latest Pakistan News and Breaking News from All over Pakistan
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ووٹر فہرستوں سے بڑے پیمانے پر نام حذف کرنے سے اقلیتیں، خصوصاً مسلمان متاثر ہوئے ہیں، بی جے پی کے سرکاری نمائندے اپنی تقاریر سے امتیازی رویوں کو فروغ دے رہے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل میں امتیازی سلوک نہ ہونے کی تفصیلات فراہم کی جائیں، 34 لاکھ اپیلون کو مغربی بنگال کے اپریل 2026 کے الیکشنز سے پہلے حل نہ کیا جاسکا جبکہ مصنوعی ذہانت کے استعمال کو من پسند انتخابی عمل کے لیے استعمال کیا گیا۔
اقوام متحدہ نے بھارت سے انتخابی فہرستوں میں شفافیت، غیرجانبداری یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الزامات درست ہوئے تو یہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہوں گی۔


