بہاولنگر : تلخ کلامی پر بھانجوں نے فائرنگ کر کے ماموں کو قتل کرڈالا تاہم پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے علاقے مدھانی والا میں تلخ کلامی کے دوران بھانجوں نے فائرنگ کر کے ماموں کو قتل کر دیا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت عثمان عرف شانی کے نام سے ہوئی ہے۔
منڈی صادق پولیس نے واقعے کے فوراً بعد کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں زمین کے تنازع پر سفاک بھانجے نے فائرنگ کرکے ماموں اور ممانی کو قتل کردیا تھا۔
ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا تھا تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔
ایس پی صدر احمد زنیر چیمہ نے بتایا تھا کہ ملزم افسرعرف گورا نے زمین کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے اپنے ہی ماموں اور ممانی کو قتل کر دیا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


