دبئی (12 دسمبر 2025): انڈر 19 ایشیا میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کیا ہے اور حریف ملائیشیا کو 297 رنز کے ریکارڈ مارجن سے ہرا دیا ہے۔
دبئی میں کھیلے جا رہے انڈر 19 ایشیا کپ 2025 کے دوسرے میچ میں ملائیشیا کی ٹیم پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے دیے گئے 346 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے نیچے ایسی دبی کہ 19.4 اوورز میں صرف 48 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بیٹنگ میں شاندار کارکردگی کے بعد شاہینوں نے بولنگ میں بھی ملائیشیا کی ٹیم کو زیر کر دیا۔ بولرز نے ملائیشین بیٹرز پر ایسی کاری ضرب لگائی کہ کوئی بیٹر بھی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔
ناکام ٹیم کی جانب سے کپتان دیاز بیٹرو اور محمد اکرم 9، 9 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ تین بلے باز رنز کا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا اور محمد صیام نے تین، تین جب کہ دانیال علی خان نے 2 اور نیقاب شفیق نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ملائیشیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو شاہین بلے بازوں نے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے۔
سمیر منہاس نے 148 گیندوں پر 177 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ ان کی جارحانہ اننگ میں 8 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ احمد حسین نے بھی سنچری اسکور کرتے ہوئے 132 رنز بنائے۔
دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے ریکارڈ 293 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔
ایونٹ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ اتوار 14 دسمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔


