ہرارے (27 جنوری 2026): آئی سی سی انڈر 19 مینز ورلڈ کپ سپر سکس مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو با آسانی ہرا دیا۔
آئی سی سی انڈر 19 مینز ورلڈ کپ سپر سکس مرحلے کا اہم میچ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو با آسانی 8 وکٹوں سے زیر کر کے سیمی فائنل مرحلے کی جانب قدم بڑھا دیے۔
کیویز کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 111 رنز کا ہدف شاہینوں نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 17.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔
سمیر منہاس نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ کپتان فرحان یوسف 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میسن کلارک اور لیوک ہیریسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو صرف 110 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ ہوگو بوگ 39 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے 4 اور علی رضا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد صائم اور مومن قمر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو سپر سکس مرحلے میں اپنا اگلا میچ یکم فروری کو بھارت کے خلاف کھیلنا ہے اور سیمی فائنل میں رسائی کے لیے اس میچ کو بھی بڑے مارجن سے جیتنا لازمی ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


