ہفتہ, فروری 8, 2025
اشتہار

خیبرپختونخواہ انسانی معیارِ زندگی کی ترقی میں پنجاب سے پیچھے

اشتہار

حیرت انگیز

اقوام متحدہ کےذیلی ادارے یواین ڈویلپمنٹ پروگرام نے پاکستان میں انسانی حالات کی بہتری کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 57 فیصد لوگ ایسے ہیں جنہوں نے کبھی کوئی کام نہیں کیا اور نہ وہ کوئی کام کرنا چاہتے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق یواین ڈی پی نے پاکستان نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ جاری کردی  ہے جس میں متفرق اعداد وشمار جمع کیے گئے ہیں جن کی بنا پر صوبوں کی خوشحالی اور بدحالی کا تعین کیا گیا ہے۔  مجموعی طو رپر پنجاب متعدد میدانوں میں آگے  ہے، خیبر  پختونخواہ بعض معاملاتِ زندگی میں جنوبی پنجاب اور سندھ سے بھی پیچھے رہ گیا ہے۔

یواین ڈی پی کی  جانب سے جاری کردہ  رپورٹ  میں کہا گیا ہے کہ ترقی کے اعتبار سے خیبر پختونخوا جنوبی پنجاب سے بھی پیچھے ہے۔ انفراسٹرکچر، میٹرو، اورینج ٹرین اور دیگر منصوبے پنجاب کی پہچان بن چکے ہیں۔پنجاب میں انسانی ترقی کے تصور کو عملی صورت میں ڈال دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخواہ انسانی ترقی میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکا۔

اعلیٰ انسانی ترقی کے لحاظ سے پنجاب کے 6 اضلاع یواین ڈی پی کے رینکنگ میں شامل ہیں جبکہ خیبر پختونخواہ کا کوئی ضلع بھی شامل نہیں۔ میڈیم ڈویلپمنٹ ڈسٹرک میں پنجاب کے 19 اور خیبر پختونخوا کے 4 اضلاع شامل ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تعلیم اور صحت میں بھی پنجاب دوسرے صوبوں سے آگے ہے۔ پنجاب میں صحت کے تسلی بخش سہولیات کا تناسب 78 فیصد ،جبکہ خیبر پختونخوا میں 73 فیصد ہے ۔ اسطرح اسکولنگ میں پنجاب کا تناسب 10 اعشاریہ ایک جبکہ خیبر پختونخوا میں 9 اعشاریہ 7 ہے۔

رپورٹ میں نوجوانوں پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے، ملک میں خواندگی کی شرح 70 فیصد بتائی گئی ہے ۔ تاہم  میٹرک سے اوپر تعلیم حاصل کرنے والے افراد کی تعداد انتہائی کم ہے۔ کل چالیس فیصد میٹرک تک جاتے ہیں اور اس کے بعد انٹر کرنے والوں کی تعداد صرف 09 فیصد اور اس سے بھی اوپر پڑھنے والے محض 06 فیصد ہوتے ہیں۔

پاکستان میں کام کرنے والوں کی شرح کل 39 فیصد ہےجس میں محض سات فیصد خواتین  ہیں ، حیرت انگیز طور پر پاکستان میں 57 فیصد افراد ایسے ہیں جنہوں نے کبھی کوئی نوکری نہیں کی اور نہ ہی وہ کرنا چاہتے ہیں ۔ پاکستان میں 48فیصد افراد کے پاس موبائل فون ہیں جبکہ 52 فیصد افراد بغیر کسی مواصلاتی ذرائع کے زندگی گزار رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں