اسلام آباد : پاکستانیوں کے لیے بیرونِ ملک نوکریوں کا سنہری موقع آگیا ، اس حوالے سے بیورو آف امیگریشن نے تفصیلات جاری کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے ‘یونسکو’ میں پاکستانی شہریوں کے لیے عالمی سطح پر ملازمتوں اور بین الاقوامی کیریئر کے سنہری مواقع کا اعلان کردیا ، اس اقدام کا مقصد پاکستانی قابلیت کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے۔
UNESCO jobs: Here’s how Pakistani professionals can apply
ملازمتوں کے موقع
یونسکو کی جانب سے P-1 سے لے کر P-5 اور ڈائریکٹر لیول (D-1, D-2) تک کی نشستیں پیش کی جا رہی ہیں۔
تعلیم، سائنس، ثقافت، انتظامیہ، فنانس، انجینئرنگ اور دیگر سماجی و انتظامی علوم سے تعلق رکھنے والے افراد ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اہلیت اور مہارتیں
امیدوار کے پاس متعلقہ شعبے میں یونیورسٹی ڈگری، پیشہ ورانہ سند اور عملی تجربہ ہونا لازمی ہے۔
بہترین مواصلاتی مہارتوں کے ساتھ انگریزی اور فرانسیسی زبان پر عبور کو ترجیح دی جائے گی۔
معاوضہ اور مراعات
منتخب افراد کو عالمی سطح کے منصوبوں پر کام کرنے کا موقع ملے گا جبکہ بنیادی تنخواہ کے ساتھ فیملی الاؤنس، بچوں کی تعلیم کے لیے مالی معاونت، سفری الاؤنسز اور دیگر مراعات یونسکو کے قوانین کے مطابق دی جائیں گی۔
درخواست دینے کا طریقہ کار
خواہش مند امیدوار یونسکو کے مرکزی آن لائن کیریئر پورٹل (careers.unesco.org) پر جا کر اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں تاہم منتخب افراد کو تکنیکی جانچ، تحریری ٹیسٹ اور انٹرویوز کے مراحل سے گزرنا ہوگا۔
بیورو آف امیگریشن نے ہدایت کی ہے کہ کسی غیر رسمی ایجنٹ یا تھرڈ پارٹی پورٹل پر بھروسہ نہ کریں اور تمام اسامیوں کی تصدیق براہِ راست یونسکو کی آفیشل ویب سائٹ سے کریں۔
امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آخری تاریخ سے قبل اپنے مکمل تحریری دستاویزات (CV اور کور لیٹر) اپ لوڈ کر دیں۔


