فلوریڈا : امریکی ایئرلائن کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، طیارے میں 200 مسافر اور 6 کریو ممبران سوار تھے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر آرلینڈو میں یونائیٹڈ ایئرلائن کا ایک مسافر طیارہ اتوار کی دوپہر لینڈنگ کے دوران بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا۔
حکام نے بتایا کہ طیارے کو لینڈنگ کے وقت مکینیکل خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ایمرجنسی صورتحال پیدا ہو گئی۔
یہ واقعہ یونائیٹڈ ایئرلائن کی فلائٹ 2323 کے ساتھ پیش آیا، جو شکاگو کے اوہیئر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آرلینڈو جا رہی تھی۔
طیارہ مقامی وقت کے مطابق لینڈنگ کے دوران پہلے پچھلے پہیوں کے ساتھ رن وے پر اترا، تاہم چند لمحوں بعد طیارے کا نوز وہیل ٹوٹ کر الگ ہو گیا اور رن وے پر لڑھکتا ہوا دکھائی دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں طیارے کو زمین پر غیر متوازن اور جھکا ہوا دیکھا جا سکتا ہے تاہم تاہم پائلٹ نے غیر معمولی مہارت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو قابو میں رکھا اور بحفاظت روک لیا، جس کے نتیجے میں سیکڑوں قیمتی جانیں محفوظ رہیں۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد طیارہ رن وے پر رک گیا، جس کے باعث کچھ وقت کے لیے فضائی آپریشن متاثر ہوا اور دیگر پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ مسافروں کو بعد ازاں بسوں کے ذریعے بحفاظت ٹرمینل منتقل کر دیا گیا۔
یونائیٹڈ ایئرلائن نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ طیارے میں 200 مسافر اور 6 کریو ممبران سوار تھے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
واقعے کی تکنیکی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور طیارے کو بعد ازاں رن وے سے ہٹا دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


