تازہ ترین

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

ابوظبی: پی ایس ایل 6 کے 22ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کی جانب سے دیا جانے والا 191 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

کولن منرو نے دو چانس ملنے کے بعد 88 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 12 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

افتخار احمد نے بھی 71 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

یونائیٹڈ کی ابتدائی دو وکٹیں 41 رنز پر گریں، عثمان خواجہ 12 اور محمد اخلاق ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے وقاص مقصود اور عباس آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا تھا۔

بابر اعظم نے 54 گیندوں پر شاندار 81 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

دوسرے اینڈ سے نجیب اللہ زادران نے بھی بابر اعظم کا خوب ساتھ دیا اور 71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

شرجیل خان 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مارٹن گپٹل 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تھسارا پریرا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی، عاکف جاوید، علی خان اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے عماد وسیم الیون کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ حسن علی، محمد اخلاق اور عاکف جاوید کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، کوشش کریں گے پاور پلے میں جلد وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے قاسم اکرم کی جگہ عباس آفریدی کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دی تھی۔

اسکواڈ

Comments

- Advertisement -