تازہ ترین

نندی پور پاور پراجیکٹ کے سیکیورٹی آفس میں اہم ریکارڈ پھاڑ دیا گیا

گجرانوالہ: نندی پور پاور پراجیکٹ کے سیکیورٹی آفس میں نامعلوم افراد نے اہم ریکارڈ پھاڑ دیا۔ پھاڑے جانے والے کاغذات میں ادائیگیوں اور آئل خریداری کا ریکارڈ شامل تھا۔

ذرائع کے مطابق واقعہ کل نصف شب کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی کے دفتر میں پیش آیا۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ اس جگہ پیش آیا ہے جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں، رینجرز، پولیس اور ایلیٹ فورس کے درجنوں اہلکار سیکیورٹی کے فرائض پر مامور ہیں۔ اس جگہ عام افراد کا داخلہ بند ہے جبکہ کچھ مقامات پر وی آئی پی شخصیات کا داخلہ بھی ممنوع ہے۔

پروجیکٹ انتظامیہ نے ضلعی حکومت اور پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق صبح ساڑھے 3 بجے کے قریب کچھ نامعلوم افراد اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی مہتاب عالم کے دفتر میں داخل ہوئے اور اہم ریکارڈ پھاڑ دیا۔

فرانزک لیب کے اہلکار بھی جائے وقوع سے انگلیوں کے نشانات اور دیگر شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔

Comments