ٹوکیو : جاپان کے صوبے چیبا میں تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک پوگئے جبکہ ہزاروں مسافر ناریٹا ایئرپورٹ پر پھنس گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جاپان کے صوبے چیبا اور اس کے گرد و نواح میں طوفانی اور ریکارڈ بارشوں نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ چیبا میں 24 گھنٹوں کے دوران 360 ملی میٹر سے زائد ریکارڈ بارش درج کی گئی، جس کے بعد تاریخ میں پہلی بار علاقے کے لیے پانچویں درجے کی انتہائی ہنگامی وارننگ جاری کر دی گئی۔
ناریٹا ایئرپورٹ پر ہزاروں مسافر محصور شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث ٹوکیو کے مرکزی ناریٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ملانے والے سڑک اور ریلوے ٹریکس زیرِ آب آ گئے، جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا نظام معطل ہو گیا اور پروازیں منسوخ ہونے پر تقریباً 7,000 مسافر ایئرپورٹ کے اندر ہی پھنس کر رہ گئے۔
سیلابی خدشات کے پیشِ نظر 1 لاکھ سے زائد شہریوں کو گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی۔
پاور سب اسٹیشن زیرِ آب آنے کے باعث 20,000 سے 25,000 کے قریب گھر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں تاہم حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کاموں کے لیے جاپانی فوج کے اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔


