The news is by your side.

Advertisement

بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، دو خواتین سمیت 3 افراد زخمی

راولپنڈی : لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین شہری زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں جاری ہیں، بھارتی فوج نے رکھ چکری سیکٹر پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے، شدید فائرنگ کے نتیجے میں اکھوڑی گاؤں کی 2 خواتین سمیت تین شہری زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جب کہ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت اب تک سیز فائر کی 1645خلاف ورزیاں کرچکا ہے۔

خیال رہے رواں سال بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی 1550 بار خلاف ورزیاں کی گئی ہیں جبکہ شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے 14 افراد شہید اور 117 زخمی ہو چکے ہیں۔

اس سے قبل 20 جولائی کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیزفائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 20 سالہ لڑکا شدید زخمی ہوا تھا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں