سیالکوٹ : بھارتی فوج کی ورکنگ باؤنڈری کےمختلف سیکٹروں میں بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج نے ہڑپال اور چارواہ سیکٹروں میں مارٹر اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج اشتعال انگیزی سےبازنہ آئی، ایک بارپھرسیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ورکنگ باونڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ہڑپال،چار واہ سیکٹرمیں بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے مارٹر گولے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔
ترجمان کے مطابق پنجاب رینجرز نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپورجواب دیتے ہوئے دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور بھارتی توپیں خاموش کرادی جبکہ فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
یاد رہے کہ 18 مئی کو بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 3بچے اور خاتون شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ رواں برس بھارتی فوج کی جانب سے متعدد بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے، بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے مسلسل لائن آف کنٹرول پر شہری آباد کو نشانہ بنا رہا ہے، جس میں اب تک متعدد افراد شہید اور کئی زخمی ہوچکے ہیں۔