منگل, مئی 12, 2026
اشتہار

ویڈیو رپورٹ: پاکستان کی شہری آبادی مردم شماری میں بتائی گئی تعداد سے تقریباً دوگنی ہونے کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کا شمار ایشیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں شہروں میں آبادی سب سے زیادہ ہے، شہر اپنی بے ہنگم ترقی کے بوجھ تلے دبتے چلے جا رہے ہیں۔

پاکستان کی شہری آبادی سرکاری طور پر بتائی گئی تعداد سے تقریباً دو گنی ہے، عالمی بینک کے ایک پالیسی ریسرچ ورکنگ پیپر میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں شہری آبادی کی حقیقی شرح تقریباً 88 فی صد ہے، جب کہ 2023 کی مردم شماری کے مطابق ملک میں 61 فی صد دیہی اور 39 فی صد شہری آبادی ہے۔

پاکستان آبادی کے اعتبار سے دنیا کا پانچواں ملک ہے، آج اِس کی آبادی 25 کروڑ سے تجاوز کر رہی ہے۔ پاکستان کی رجسٹرڈ شہری آبادی 8 کروڑ 75 لاکھ ہی ہے مگر زمینی حقائق مختلف ہیں؛ مثلاً کراچی کی آبادی 2023 کی مردم شماری کے مطابق 2 کروڑ 3 لاکھ ہے مگر کئی دہائیوں سے رہنے والے مقامی رہائشیوں کو غیر مستقل پتے کے نام پر شہریت سے محروم رکھا گیا ہے، اور اس طرح شہروں کو اس کی حقیقی آبادی کے تناسب سے وسائل کی عدم فراہمی ایک حل طلب مسلئہ ہے۔


رپورٹ کے مطابق پاکستان میں شہری آبادی کے سرکاری اعداد و شمار اور حقیقی صورت حال کے درمیان نمایاں فرق کی بنیادی وجہ شہری علاقوں کی انتظامی درجہ بندی ہے، جو دراصل شہری آبادی کے مضافات کے پھیلاؤ کو درست طور پر ظاہر نہیں کرتیں۔ غلط درجہ بندی کی وجہ سے جائیداد ٹیکس کی آمدن میں کمی ہوتی ہے، اور عوامی خدمات کی منصوبہ بندی اور فراہمی متاثر ہوتی ہے۔


پاکستان کے 10 بڑے شہر ملک کا 55 فی صد جی ڈی پی اور 95 فی صد ٹیکس پیدا کرتے ہیں، مگر یہ شہر اپنی آمدن اور ٹیکسوں کی ادائیگی کے باوجود شہری سہولیات کے فقدان کا شدید شکار ہیں۔

تحقیق کے مطابق پاکستان میں آخری بار 1972 میں شہری علاقوں کی سرکاری درجہ بندی زمینی حقائق کے مطابق کی گئی تھی۔ یہ تحقیق ورلڈ بینک کے دفتر برائے غربت و مساوات نے تیار کی ہے، جو سیٹلائٹ ڈیٹا کی مدد سے آبادی کی کثافت ناپتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے ملک کے ہر حصے میں بہتر معاشی ذرائع اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی اکثریت شہروں کی طرف کم سے کم رخ کرے۔

+ posts

ندیم جعفر اے آر وائی نیوز سے وابستہ ایک ممتاز صحافی ہیں جو کہ مختلف سماجی اور سیاسی موضوعات پر رپورٹنگ کرتے ہیں۔ ندیم کراچی یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹر کی ڈگری اور آسٹریلیا کے ایک باوقار ادارے سے ایڈوانس سرٹیفیکیشن کے حامل
ہیں۔

اہم ترین

ندیم جعفر
ندیم جعفر
ندیم جعفر اے آر وائی نیوز سے وابستہ ایک ممتاز صحافی ہیں جو کہ مختلف سماجی اور سیاسی موضوعات پر رپورٹنگ کرتے ہیں۔ ندیم کراچی یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹر کی ڈگری اور آسٹریلیا کے ایک باوقار ادارے سے ایڈوانس سرٹیفیکیشن کے حامل ہیں۔

مزید خبریں