کراچی (2 فروری 2026) پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ نے قونصلیٹ جنرل آف جاپان، کراچی کی سرپرستی اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تعاون سے 38 واں سالانہ اردو ہائیکو مشاعرہ آرٹس کونسل کے حسینہ معین ہال میں منعقد ہوا۔
31 جنوری 2026ء کو منعقدہ اس مشاعرے کی صدارت فراست رضوی کررہے تھے جب کہ نظامت وضاحت نسیم نے کی۔ کراچی میں جاپان کے معزز قونصل جنرل جناب ہا تتوری ماسارُو اس مشاعرے کے مہمان خصوصی تھے۔
پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ کے جنرل سیکریٹری جناب سلیم احمد کے تلاوت قرآن پاک کے بعد ایسوسی ایشن کے نائب صدرِ اوّل عظمت آتا کا نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے معزز قونصل جنرل جاپان کا شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی اور تعاون سے پی جے سی سے کی ادبی و ثقافتی سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں۔ اپنے خطاب میں عظمت آتا کا نے آرٹس کونسل کے صدر جناب محمد احمد شاہ کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن کے پروگراموں کا انعقاد ممکن ہو رہا ہے۔ اس موقع پر ہمدرد گروپ کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے تمام شعرا کو تحائف پیش کیے۔
صدرِ مشاعرہ کے علاوہ جن شعرا نے ہائیکو مشاعرے میں شرکت کی ان میں افضل ہزاروی، ڈاکٹرجمال نقوی، حمیدہ کشش، خالده عظمیٰ، روبینہ تحسین بینا، زاہد حسین زاہد جوہری، سحر علی، سرور شامال، سعید احمد سعدی، سہیل احمد صدیقی، سید معراج جامی، شاعر علی شاعر، شاہ فہد، شاہدہ اسرار، شہاب الدین شہاب، شہزاد نیاز، ڈاکٹرعابدہ گھانگھرو، کازونُوری ماتسُودا، نسیم نازش، وضاحت نسیم اور یاسمین یاس شامل ہیں۔
مشاعرے کے اختتام پر صدر مشاعرہ فراست رضوی نے ہائیکو سنائے اور سامعین سے داد وصول کی۔ شعرا اور دوسری ادبی شخصیات کے علاوہ اس ہائیکو مشاعرے میں باذوق افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے شعرا کو ان کے کلام پر داد دی اور پذیرائی کی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


