تازہ ترین

ملک میں معاشی استحکام کیلئےاصلاحاتی ایجنڈےپرگامزن ہیں، محمد اورنگزیب

واشنگٹن: وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک...

کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرنیوالے 3 پولیس افسران سمیت 7 گرفتار

کراچی : پولیس موبائل میں جدید اسلحہ سندھ اسمگل...

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کی توقع

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

اردو کی سب سے بڑی آن لائن لغت

کراچی: اردو زبان کی سب سے بڑی لغت کا اب انٹرنیٹ اور موبائل ورژن دستیاب ہے‘ اردو لغت بورڈ نے یہ کارنامہ چھ ماہ کے قلیل عرصے میں سرانجام دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اردو لغت بورڈ نے 22 جلدوں پر مشتمل تاریخی اصولوں پر مرتب کردہ اردو کی سب سے بڑی جو کہ دو لاکھ چونسٹھ ہزار الفاظ پر مشتمل ہے ‘ آن لائن کردی ہے۔

اردو لغت بورڈ کے مدیراعلیٰ عقیل عباس جعفری نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے مشیرِ خصوصی عرفان صدیقی کی خصوصی توجہ کے سبب یہ کام چھ ماہ کے قلیل عرصے میں انجام دیا گیا ہے۔

مدیراعلیٰ – عقیل عباس جعفری

معروف محقق عقیل عباس جعفری نے گزشتہ برس 14 دسمبر کو اردو لغت بورڈ میں مدیراعلیٰ کا چارج سنبھالا اور ادارے کی مرتب کردہ تاریخی لغت جو کہ 22 جلدوں پر مشتمل ہے ‘ اس تک عوام الناس کی رسائی آسان بنانے کے اس عظیم منصوبے پر کام شروع کیا‘ جنوری میں لغت بورڈ نے اس پراجیکٹ کو ٹینڈر کیا جسے کراچی کی ایک کمپنی نے حاصل کیا اور کام کا آغاز کیا۔


اردو لغت – انٹرنیٹ ورژن تک رسائی کے لیے کلک کریں


اردو لغت – موبائل ورژن تک رسائی کے لیے کلک کریں


عقیل عباس جعفری کہتے ہیں کہ ان کی جانب سے 20 مئی کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی تھی اور کمپنی نے مقررہ وقت میں کام ختم کرلیا تھا جس کے بعد سے اس آن لائن لغت کی تکنیکی حوالوں سے جانچ جاری تھی‘ بالاخر جانچ مکمل ہونے کے بعد 20 جون کو اسے عوام کے لیے مکمل طور پر آن لائن کیا گیا۔

لغت بورڈ کے مدیرِ اعلیٰ کے مطابق لغت کی تیاری میں سند کے طور پر سنہ 1920 سے پہلے کی طبع شدہ 1500 کتب سے استفادہ حاصل کیا گیا ہے ‘ جو کہ اردو ادب کا انتہائی نادر اثاثہ ہیں۔


 قومی زبان کی ڈکشنری کو آن لائن شائع کرنے کا فیصلہ


ان کا کہنا تھا کہ کیونکہ یہ تمام کتابیں تاریخی اہمیت کی حامل ہیں لہذا کوشش کی جارہی ہے کہ حکومت سے بجٹ منظور کرواکر ان کتابوں کو بھی آن لائن شائع کرکے عوام الناس کو ان تک رسائی دی جائے‘ حالانکہ یہ ایک مشکل مرحلہ ہے لیکن امید ہے کہ ہم اسے کرگزریں گے۔

 – لغت کا رسم الخط –

اردو لغت آن لائن کرنے میں جو سب سے اہم مسئلہ درپیش تھا وہ آن لائن رسم الخط یا فونٹ کا انتخاب تھا۔ آن لائن اردو زبان لکھنے میں سب سے بڑی دقت یہ آتی تھی کہ کئی فونٹ کئی الفاظ درست طریقے سے لکھنے سے قاصر تھے ‘ خصوصاً اعراب لگانے میں سب سے زیادہ دقت پیش آتی تھی۔

جب لغت کوآن لائن مرتب کرنے کا مرحلہ پیش آیا تھا اس کے لیے کئی فونٹ استعمال کرکے دیکھے گئے اور بالاخر ’علوی‘ فونٹ کو منتخب کیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ ’حیدر‘ نامی ایک فونٹ مزید وضع کیا گیا ہے۔

آن لائن اردو لغت

 – اردو لغت بورڈ کے مستقبل میں آنے والے منصوبے –

عقیل عباس جعفری کہتے ہیں کہ اردو لغت بورڈ کا کام ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ یہ تو کام کا آغاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید کئی منصوبے ایسے ہیں جو مستقبل قریب میں آن لائن پیش کیے جائیں گے۔

– صوتی لغت –

اردو زبان کی اس عظیم لغت کا آن لائن صوتی ورژن تیار کرنے کے لیے حکومت نے بجٹ منظور کردیا ہے اور جلد ہی اس منصوبے پر بھی کام شروع ہوجائے گا جس سے تلفظ کی غلطیاں درست کرنے میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کام کے لیے ریڈیو اور ٹی وی سے وابستہ ان افراد کو زحمت دی جائے گی جن کی آواز اچھی اور درست تلفظ سے واقف ہوں‘ عقیل عباس کے مطابق جس طرح لغت تاریخی اصول پر مرتب کی گئی اسی طرح صوتی لغت کے لیے بھی تاریخی اصولوں کو ہی مدِ نظر رکھا جائے گا۔ فی الحال تلفظ سمجھانے کا کام اعراب کے ذریعے انجام دیا جارہا ہے۔

– بچوں کی لغت –

عقیل عباس جعفری کا ایک اور کارنامہ بچوں کے لیے لغت کی تیاری کا کام ہے جو کہ عنقریب منظرِ عام پر آجائے گا‘ اب تک بچوں کے نصاب کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کوئی بھی لغت مرتب نہیں کی گئی ہے۔

انہوں نے ہم سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب انہوں نے چارج سنبھالا تو محض سندھ میں اس پر کام ہورہا تھا لیکن اردو کیونکہ قومی زبان ہے لہذا انہوں اسلام آباد‘ پنجاب‘ خیبرپختونخواہ‘ بلوچستان اور وفاق کے زیراستعمال علاقوں کے نصاب منگوائے اور اب ان کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بچوں کی لغت کی تیاری کا کام جاری ہے۔

 – مختصر لغت –

ریسرچ اسکالر اور مصنف ہونے کی حیثیت سے عقیل عباس جعفری سمجھتے ہیں کہ 22 جلدوں پر مشتمل لغت شاید ایک عام آدمی کی دلچسپی کا سبب نہ ہو‘ لہذا اسی ضیغم لغت سے الفاظ کی وضاحتیں ہٹا کر’معنی‘ پر مبنی ایک مختصر لغت بھی تیار کی جارہی ہے جو کہ دو جلدوں پر مشتمل ہوگی۔ سرکاری سطح پر شائع ہونے والی یہ پہلی لغت ہوگی جو یقیناً ہر پڑھے لکھے شخص کے بک شیلف کی زینت بنے گی۔

– اردونامہ – 

اردو لغت بورڈ کے زیرِ اہتمام سن 1960 سے 1976 تک شائع ہونے والے ’اردو نامہ‘ کے 54 ایڈیشن آن لائن شائع کرکے اس کے دوبارہ احیاء کا منصوبہ بھی زیرِغور ہے۔

اردو کا یہ عظیم الشان شمارہ شان الحق حقی کی ادارت میں نکلا کرتا تھا اور ان کے بعد یہ سلسلہ منقطع ہوگیا تھا‘ عقیل عباس جعفری کہتے ہیں کہ وہ ایک ساتھ سارے کام چھیڑدینے کے بجائے ایک کام مکمل کرکے دوسرے پر جانے کے حامی ہیں‘ اردو نامہ بھی جلد آن لائن دستیاب ہوگا اور اس کا دوبارہ اجرا ءبھی اردو لغت بورڈ کے منصوبوں میں شامل ہے۔

الغرض اردو لغت بورڈ اور عقیل عباس جعفری اردو زبان کو ڈیجیٹل دنیا سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور انہیں اس سلسلے میں وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی بھرپور مدد حاصل ہے ‘ لہذا امید کی جاسکتی ہے کہ اردو لغت بورڈ کی ویب سائٹ جلد ہی اردو کی سب سے عظیم ویب سائٹ کادرجہ حاصل کرلے گی۔

وزیراعظم کے مشیر – عرفان صدیقی

اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

Comments

- Advertisement -
فواد رضا
فواد رضا
سید فواد رضا اے آروائی نیوز کی آن لائن ڈیسک پر نیوز ایڈیٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں‘ انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ سے بی ایس کیا ہے اور ملک کی سیاسی اور سماجی صورتحال پرتنقیدی نظر رکھتے ہیں