سوز تخلص، سید محمد میر نام۔ وہی شخص ہیں جنہیں میر تقی نے پاؤ شاعر مانا ہے۔
پرانی دلّی میں قرادل پورہ ایک محلہ تھا، وہاں رہتے تھے، مگر اصلی وطن بزرگوں کا بخارا تھا۔ باپ ان کے سید ضیاء الدین بہت بزرگ شخص تھے۔ تیر اندازی میں صاحب کمال مشہور تھے اور حضرت قطب عالم گجراتی کی اولا میں تھے۔ سوز مرحوم پہلے میر تخلص کرتے تھے۔ جب میر تقی مرحوم میر کے تخلص سے عالمگیر ہوئے تو انھوں نے سوز اختیار کیا۔
جو کچھ حال بزرگوں سے سنا یا تذکروں میں دیکھا اُس کی تصدیق ان کا کلام کرتا ہے۔ یعنی معلوم ہوتا ہے کہ ان کی طبعِ موزوں کے آئینہ کو جس طرح فصاحت نے جلا کی تھی اسی طرح ظرافت اور خوش طبعی نے اس میں جوہر پیدا کیا تھا۔ ساتھ اس کے جس قدر نیکی و نیک ذاتی نے عزت دی تھی اس سے زیادہ وسعتِ اخلاق اور شیریں کلامی نے ہر دلعزیز کیا تھا اور خاکساری نے سب جوہروں کو زیادہ تر چمکایا تھا۔ آزادگی کے ساتھ وضع داری بھی ضرور تھی۔ جس کا نتیجہ یہ تھا کہ باوجود مفلسی کے مسندِ عزت پر صاحب تمکین اور امراء و رؤسا کے پہلو نشیں رہے اور اسی میں معیشت کا گزارہ تھا۔
شاہ عالم کے زمانے میں اہلِ دہلی کی تباہی حد سے گزر گئی تو لباسِ فقیری اختیار کیا اور لکھنؤ چلے گئے۔ مگر وہاں سے 1798ء میں ناکام مرشد آباد گئے۔ یہاں بھی نصیب نے یاوری نہ کی۔ پھر لکھنؤ میں آئے۔ اب قسمت رجوع ہوئی اور نواب آصف الدولہ ان کے شاگرد ہوئے۔ چند روز آرام سے گزرے تھے کہ خود دنیا سے گزر گئے۔ نواب کی غزلوں کو دیکھو انھیں کا انداز ہے۔
میر موصوف خوش نویسی کے علاوہ سوار کاری میں شہسوار اور فنونِ سپاہ گری میں ماہر، خصوصاً تیراندازی میں قدر انداز تھے۔ ورزش کرتے تھے اور طاقت خداداد بھی اس قدر تھی کہ ہر ایک شخص ان کی کمان کو چڑھا نہ سکتا تھا۔ غرض شہر لکھنؤ میں 1798ء میں ستّر برس کی عمر میں فوت ہوئے۔
میر سوز مرحوم کی زبان عجب میٹھی زبان ہے اور حقیقت میں غزل کی جان ہے۔ چنانچہ غزلیں خود ہی کہے دیتی ہیں۔ اُن کی انشا پردازی کا حسن تکلف اور صنائع مصنوعی سے بالکل پاک ہے۔ اس خوش نمائی کی ایسی مثال ہے جیسے ایک گلاب کا پھول ہری بھری ٹہنی پر کٹورا سا دھرا ہے اور سبز سبز پتیوں میں اپنا اصلی جوبن دکھا رہا ہے۔
انھوں نے علاوہ شاعری کے شعر خوانی کا ایسا طریقہ ایجاد کیا تھا کہ جس سے کلام کا لطف دو چند ہو جاتا تھا۔ شعر کو اس طرح ادا کرتے تھے کہ خود مضمون کی صورت بن جاتے تھے اور لوگ بھی نقل اتارتے تھے مگر وہ بات کہاں! آواز درد ناک تھی، شعر نہایت نرمی اور سوز و گداز سے پڑھتے تھے اور اس میں اعضا سے بھی مدد لیتے تھے۔ مثلاً شمع کا مضمون باندھتے تو پڑھتے وقت ایک ہاتھ سے شمع اور دوسرے کی اوٹ سے وہیں فانوس تیار کر کے بتاتے۔ بے دماغی یا ناراضی کا مضمون ہوتا تو خود بھی تیوری چڑھا کر وہیں بگڑ جاتے۔
(مولانا آزاد کی کتاب آبِ حیات سے اقتباس)


