اردو نظم نگاری میں جدید رجحانات کو فروغ دینے میں میرا جی نے اہم کردار ادا کیا۔ شاعر اور نقاد کی حیثیت سے میرا جی نے بڑی شہرت پائی۔ علامتی شاعری نے انھیں ہم عصروں میں ممتاز بھی کیا اور ان پر تنقید بھی خوب ہوئی۔ دوسری طرف میرا جی نے اپنے عشق، عجیب و غریب حلیے، عادات اور شراب نوشی کی وجہ سے بدنامی بھی خوب سمیٹی۔
صاحبِ اسلوب ادیب اور خاکہ نگار شاہد احمد دہلوی نے میرا جی پر اپنے ایک مضمون میں میرا جی کی زندگی کا ایک دل چسپ اور عجیب و غریب روپ ہمارے سامنے رکھ دیا ہے۔ ملاحظہ کیجیے:
شراب کے نشے میں میرا جیؔ کو رونے کی دھن سوار ہو جاتی تھی اور وہ ایسے بے سدھ ہو جاتے کہ تن بدن کا بھی ہوش نہ رہتا۔
اخلاقؔ احمد ریڈیو اناؤنسر تھے اور میرا جیؔ کے بڑے مداح۔ میرا جیؔ نے اپنی ایک کتاب بھی ان کے نام معنون کی ہے۔ دونوں میں بہت اخلاص تھا۔
ایک دن ان کے چند دوست انہیں گھیر گھار کر ایک نستعلیق طوائف کے کمرے پر لے گئے۔ وہاں کچھ گانا سنا، کچھ شراب پی اور بہکنے لگے۔ زینے سے اتر کر سڑک پر آئے تو حالت اور بھی خراب ہو گئی۔ سڑک پر لوٹنا اور چیخیں مار مار کر رونا شروع کر دیا۔ نظموں کا دوسرا ضخیم مجموعہ مسودے کی شکل میں ان کے پاس تھا اسے اس بری طرح اچھالا کہ رات کے اندھیرے میں اِس کا ایک ورق بھی کسی کے ہاتھ نہ آیا۔
دوستوں نے جو ان کی یہ حالت دیکھی تو گھبرا گئے۔ لاکھ انہیں چمکارا پچکارا مگر وہ اپنے اوسانوں میں نہ آئے۔ اتنے ہی میں پولیس کے چند آدمی گشت کرتے آ گئے۔دوست بچارے سب دم بخود ہو گئے کہ اب آوارہ گردی میں سب کے سب بند ہوتے ہیں۔ بھلا رات کے بارہ بجے اس بدنام بازار میں اور اس حالت میں دیکھ کر کون چھوڑے گا؟ مگر اخلاق احمد کے حواس قائم رہے۔ ہمّتِ مردانہ تو ان کی بھی جواب دے چکی تھی۔ مگر جب پولیس والوں نے ٹوکا تو اس نے جرأتِ رندانہ سے کام لے کر کہا، ‘‘بچارے کی ماں مر گئی ہے۔’’ یہ کہہ کر میرا جیؔ کو سمجھانے لگا کہ ‘‘ماں باپ سدا کسی کے جیتے نہیں رہتے۔ صبر کرو صبر۔ چلو اٹھو۔ کوئی دیکھے گا تو کیا کہے گا۔ ارے بھئی تم تو بڑے بودے نکلے۔ بچوں کی طرح رو رہے ہو۔ لو چلو اٹھو۔ گھر چلو اور ہاں سنتری جی کوئی تانگہ ملے تو ادھر بھیج دینا۔’’
خدا خدا کر کے آئی بلا ٹلی اور سب کی جان میں جان آئی۔ نظموں کے دوسرے مجموعے کے ساتھ اس مہینے کی تنخواہ کا بقایا بھی میرا جیؔ اسی بازار میں اچھال آئے۔ چلو
جان بچی لاکھوں پائے
خیر سے بدھو گھر کو آئے
صبح انہیں کچھ بھی یاد نہیں رہتا تھا کہ رات کو اپنی جان پر اور دوستوں پر کیا مصیبت توڑ چکے ہیں۔


