باذوق قارئین اور اردو ادب کے طالب علموں کے حافظے میں شاید ہی اشعار ضرور محفوظ ہوں کہ اکثر اپنا مافی الضمیر بیان کرنے اور تحریر و تقریر میں زور پیدا کرنے کے لیے ان اشعار کو مشاہیر اور خواص سبھی نے موقع کی مناسبت سے برتا ہے۔
زمانہ بڑے شوق سے سن رہا تھا
ہمیں سو گئے داستاں کہتے کہتے
باغباں نے آگ دی جب آشیانے کو مرے
جن پہ تکیہ تھا وہی پتّے ہوا دینے لگے
ان اشعار کے خالق ثاقب لکھنوی ہیں۔ وہ آگرہ کے تھے اور ایسے شاعر جن کے متعدد اشعار کو ضربُ المثل کا درجہ حاصل ہوا۔ ادبی تذکروں ثاقب لکھنوی کا سنہ پیدائش 1869ء لکھا ہے۔ انھوں نے لکھنؤ میں آج ہی کے روز اپنی آنکھیں ہمیشہ کے لیے موند لی تھیں یہ 1949ء کی بات ہے جب تقسیمِ ہند کو ایک ہی برس بیتا تھا۔
ثاقب مرحوم کے کنبے نے آگرہ چھوڑ کر لکھنؤ کا رُخ کیا تھا اوراسی شہر کی نسبت اس شاعر نے تخلص کے ساتھ جوڑ کر ثاقبؔ لکھنوی سے شہرت پائی۔ ان کا اصل نام مرزا ذاکر حسین قزلباش تھا۔ ابتدائی تعلیم اس دور کے رواج کے مطابق ہوئی اور انھوں نے عربی، فارسی اور اردو کی استعداد حاصل کرنے کے بعد آگرہ کے کالج سے انگریزی میں انٹرنس پاس کیا۔ وہیں ان کی ملاقات صفیؔ لکھنوی اور ذکیؔ مرادآبادی سے ہوئی جو ادیب اور انشا پرداز تھے۔ ثاقب لکھنوی موزوں طبع اور شاعری کی طرف مائل تھے اور ان کی صحبت نے میں ان کے جوہر خوب کھلے۔
آگرہ میں تعلیم مکمل کرکے جب لکھنؤ آئے تو ان کی ملاقات راجہ محمود آباد محمد امیر حسن خاں بہادر سے ہوئی جو علم و فنون کے بڑے قدر دان تھے۔ انھوں نے ثاقبؔ لکھنوی کو ریاست میں ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کی ذمہ داری سونپ دی اور ماہانہ وظیفہ جاری کردیا۔ لیکن ثاقب لکھنوی کو مالی آسودگی نصیب نہ ہوئی۔ انھوں نے کاروبار کیا مگر اس میں بھی خسارہ ہوا۔ آخر 1906ء میں کلکتہ چلے گئے۔ وہاں سفیرِ ایران نے ان کی قابلیت سے متاثر ہو کر اپنا معتمدِ خاص مقرر کر لیا۔ دو برس بعد 1908ء میں راجہ محمود آباد نے انھیں پھر دعوت دے کر بلوا لیا اور یہ واپس لکھنؤ آگئے اور وہیں عمر گزار دی۔
وہ ایک ایسے عہد میں پیدا ہوئے تھے جس میں سیاسی، تہذیبی اور سماجی اعتبار سے ہندوستان ایک بڑی تبدیلی سے گزر رہا تھا۔ قدیم اقدار ٹوٹ رہی تھیں اور دہلی و لکھنؤ کی ادبی رونقیں ماند پڑچکی تھیں۔ سیاسی اور سماجی حالات اور زندگی کے مسائل نے ثاقب لکھنوی کی شاعری میں سوز و گداز پیدا کر دیا تھا۔ وہ زندگی کے رنج و غم اور تلخ حقائق کو اپنے اشعار میں باندھتے چلے گئے اور ان کی شاعری میں کلاسیکی اور جدید دور کی خوب صورتی بہم ہو گئی۔ ثاقبؔ لکھنوی نہایت بااخلاق، وضع دار، سادگی پسند تھے۔ تحسین و ستائش سے دور بھاگتے تھے۔ ملاقاتیوں سے زیادہ بے تکلف نہ ہوتے تھے بلکہ نہایت متانت اور سنجیدگی سے گفتگو کرتے تھے۔ ان کے بے تکلف دوستوں کی تعداد بہت کم تھی جن میں ہنسی مذاق کر لیتے تھے۔ ثاقبؔ لکھنوی کو بطور شاعر ان کے احساس کی شدّت، تخیل کی بلندی اور زبان کی نرمی و لطافت نمایاں کرتی ہے۔ زندگی کی 80 بہاریں دیکھنے والے اس شاعر نے ایک دیوان یادگار چھوڑا۔
ثاقب لکھنوی کا یہ شعر بھی بہت مشہور ہے۔
مٹھیوں میں خاک لے کر دوست آئے وقتِ دفن
زندگی بھر کی محبت کا صلہ دینے لگے


