جمعرات, اگست 20, 2026
اشتہار

عوامی مقامات پر رفع حاجت کرنے والوں کیخلاف اہم فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

(15 جولائی 2026): عوامی مقامات پر رفع حاجت کی روک تھام کیلیے انتظامیہ نے اہم فیصلہ کر لیا، جس کے تحت ملوث افراد کی تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کی جائیں گی۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست آسام ضلع تنسوکیا میں بلدیاتی ادارے تنسوکیا میونسپل بورڈ (ٹی ایم بی) نے انوکھی صفائی مہم کے تحت عوامی مقامات پر رفع حاجت کرنے والوں کی تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کر کے انہیں بڑی اسکرینوں پر دکھانا شروع کر دیا ہے۔

یہ انوکھی مہم اُس وقت سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی جب رکن پارلیمنٹ ملند دیورا نے تنسوکیا کی ایل سی ڈی اسکرین پر چلنے والی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ممبئی میونسپلٹی کو بھی تنسوکیا کی اس مثال پر عمل کرنا چاہیے تاکہ عوامی مقامات پر رفع حاجت کرنے کے عادی افراد کے نام اور چہرے واضح کر کے انہیں شرمندہ کیا جا سکے۔

تنسوکیا میونسپل بورڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ماضی میں علاقے میں کچرا پھیلانے اور اس قسم کی حرکتوں کو روکنے کیلیے کی جانے والی تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے کئی بار اپیل کی کہ وہ گندگی نہ پھیلائیں اور کھلے عام رفع حاجت نہ کریں لیکن کسی بات کا اثر نہیں ہوا، اس لیے ہم نے ٹیکنالوجی کا سہارا لیا اور علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہونے والے قانون شکنوں کی تصاویر لائیو دکھانا شروع کر دیں، ہمارا مقصد کسی کی پرائیویسی کو مجروح کرنا یا لوگوں کو ذلیل کرنا نہیں، بلکہ شہریوں میں بلدیاتی قوانین کی پاسداری کا احساس پیدا کرنا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں