کراچی(21 جنوری 2026): امریکا اور چین کی جانب سے سانحہ گل پلازہ پر اظہارِ افسوس کیا گیا ہے۔
امریکی قونصل خانے نے کہا کہ امریکا جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے، ریسکیو اور فائر فائٹر اہل کاروں کی جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
چینی قونصلیٹ جنرل نے بھی گل پلازہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا، چینی قونصلیٹ جنرل نے زخمیوں سے ہمدردی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہےکہ سانحے میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور 17 لاشیں ناقابل شناخت ہیں، شناخت کے لیے 50 فیملیز کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے موصول ہوچکے ہیں۔
ڈی سی ساؤتھ کا کہنا تھاکہ 39 لاپتا افراد کی لوکیشن گل پلازہ کی بلڈنگ کی آئی ہے مگر بلڈنگ کے کچھ حصے ایسے ہیں جہاں ہم نہیں پہنچ سکےہیں، گل پلازہ کے جو حصے گرے ہیں وہاں سے ملبہ ہٹایا جارہا ہے، مشین سے اور مینولی بھی کام کیا جارہا ہے، عمارت کے گرے ہوئےحصے کو اٹھانے میں مشکلات ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عمارت کے اندر ابھی بھی دھواں اور گرمائش ہے لہٰذا اس وقت عمارت میں کولنگ بھی کی جارہی ہے جہاں تک پہنچ سکتے ہیں وہاں سرچ کیا گیا ہے، تکنیکی معاملات کو مدنظر رکھتےہوئےریسکیواینڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔
ڈی سی ساوتھ نے کہا کہ 85 افراد لاپتا افراد کی فہرست میں ہیں جن میں کچھ نام ڈبل ہوگئے ہیں ان کی جانچ کی جارہی ہے، کسی قسم کی جلد بازی نہیں کی جارہی ہے کیونکہ یہ انسانی زندگیوں کا مسئلہ ہے، جب تک ایک بھی لاپتاشخص ہے اس وقت تک عمارت کو نہیں گراسکتے اور جب سب مکمل ہو جائے گا تب پوری عمارت کو گرائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


