تہران(20 مئی 2026): ایران نے امریکی حکام کی جانب سے میناب کے ایک اسکول کو کروز میزائل اڈا قرار دیے جانے کے دعوے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور جھوٹا پروپیگنڈا قرار دے دیا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری اپنے ایک بیان میں امریکی دعوے کی سخت الفاظ میں تردید کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ یہ دعویٰ نہ صرف بے بنیاد اور من گھڑت ہے بلکہ ایک خوفناک جھوٹ ہے۔
ترجمان وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی بیان دراصل 28 فروری کو کیے جانے والے میزائل حملوں کی سنگین حقیقت کو چھپانے کی ایک واضح اور مذموم کوشش ہے۔
انہوں نے اصرار کیا کہ ایک فعال تعلیمی ادارے کو اسکول کے اوقات کے دوران نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، اور یہ کارروائی واضح طور پر ایک جنگی جرم کے زمرے میں آتی ہے۔
اسماعیل بقائی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ایک تعلیمی ادارے پر حملے کے اس سنگین واقعے کا نوٹس لیا جائے اور اس بزدلانہ کارروائی کے ذمہ داروں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


