کراچی: امریکی ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، انٹر بینک میں ڈالر 169.60 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 171روپے پر بند ہوا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ڈالر کی اونچی اڑان کاسلسلہ نہ تھم سکا ، کاروباری ہفتے کے پہلے دن انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ڈالر کی قیمت بدستور ریکارڈ سطح برقرار رہی۔
انٹربینک میں آج ڈالر52 پیسے مہنگاہوا ، اور اختتام پر تاریخ کی بلند سطح 169.60 روپے پر بندہوا ، کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالر 169.65 روپےتک ریکارڈ کیا گیا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور 171روپے کی بلند ترین سطح پربند ہوا۔
یاد رہے رواں سال 7 مئی کو انٹر بینک میں ڈالر 152.28 روپے پر تھا اور چار ماہ میں ڈالر17روپے 32 پیسے مہنگا ہوچکا ہے۔
خیال رہے گذشتہ ہفتے امریکی ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاﺅ سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی تھی ، جس میں بتایا گیا تھا کہ ہفتے کے دوران روپیہ تاریخ کی کم ترین سطح اور ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند سطح تک دیکھا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ طلب پر خریداری پر ایک ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر 169روپے 70 پیسے کی نئی بلند سطح تک پہنچ گیا جبکہ ہفتے کے دوران مسلسل روپے کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ذرائع فاریکس مارکیٹ کے مطابق روپیہ تاریخ کی ترین سطح تک گرنے کے بعد مرکزی بینک کی مداخلت ہوئی اور انٹر بینک میں ڈالر کی سپلائی کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند سطح سے نیچے أگیا۔