اسلام آباد: امریکی سفارتخانے سے دھوکے کا مرکزی ملزم کوٹ مومن کا رہائشی ’پیر‘ نکلا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی سفارتخانے سے زیر حراست شخص نے ویزا لگوانے کے لیے 30 ہزار ڈالر دیے تھے، معاملے میں انکشافات کے بعد مزید افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ امریکی ویزے کے لیے 12 لوگوں کو جعلی دستاویزات تیار کروا کر دیے گئے تھے جس میں وزارت خارجہ کا بھی جعلی لیٹر شامل کیا گیا تھا۔
متن کے مطابق دوسرا ملزم رب نواز بھی کوٹ مومن کے پیر کے ساتھ ویزے کا کاروبار کررہا تھا، امریکا میں صوفی ازم کے نام پر ایک کانفرنس کا بھی جعلی لیٹر تیار کروایا گیا تھا۔
ملزم پیر عثمان گیلانی نے اپنا بھی امریکا کا ویزا لگوا رکھا تھا۔
پیر عثمان گیلانی کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے نے کوٹ مومن میں چھاپہ مارا ہے لیکن ملزم چھاپے سے پہلے ہی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔


