ہفتہ, فروری 7, 2026
اشتہار

پاکستانیوں کے لیے امیگرنٹ ویزے کی معطلی: امریکی سفارتخانے کا اہم بیان آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : امریکی سفارتخانے کا پاکستان کے لئے امیگرنٹ ویزا معطلی کے حوالے سے اہم بیان آگیا ، جس میں کہا امیگرنٹ ویزوں کی معطلی کا اطلاق سیاحتی، تعلیمی، ہنر مند افراد اور ان کے اہلِ خانہ کے ویزوں پر نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے امیگرنٹ ویزوں کی معطلی سے متعلق وضاحتی بیان جاری کر دیا اور کہا یہ پابندی صرف امیگرنٹ ویزوں پر لاگو ہوگی جبکہ نان امیگرنٹ ویزے اس فیصلے سے متاثر نہیں ہوں گے۔

سفارتخانے کے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ امیگرنٹ ویزوں کی معطلی کا اطلاق سیاحتی، تعلیمی، ہنر مند افراد اور ان کے اہلِ خانہ کے ویزوں پر نہیں ہوگا۔

سفارتخانے کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ امریکی عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ویزا درخواستوں کی جانچ پڑتال کے عمل کو مزید سخت بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

امریکی سفارتخانے نے بتایا کہ میگرنٹ ویزوں کے اجرا کی معطلی 21 جنوری سے نافذ العمل ہوگی اور اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک نئے ویزا درخواست گزاروں کی تصدیق اور اسکریننگ کے عمل کو مکمل طور پر بہتر نہیں بنا لیا جاتا۔

اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ امیگریشن کریک ڈاؤن کے تحت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزوں کی پراسیسنگ عارضی طور پر معطل کر دی ہے ، متاثرہ ممالک میں پاکستان، افغانستان، ایران، روس، نائجیریا، صومالیہ، یمن، بنگلہ دیش، مصر، شام اور برازیل سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اس بات کو یقینی نہ بنا لیا جائے کہ نئے تارکینِ وطن امریکی عوام پر معاشی بوجھ نہیں بنیں گے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق سخت اسکریننگ اور سوشل میڈیا ویری فکیشن کو بھی ویزا پالیسی کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

خیال رہے ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکی حکومت نے امیگریشن کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔ وفاقی اہلکاروں کو بڑے امریکی شہروں میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ محکمہ خارجہ کے مطابق اب تک ایک لاکھ سے زائد ویزے منسوخ کیے جا چکے ہیں۔ ویزا درخواستوں کی جانچ میں سوشل میڈیا ویری فکیشن سمیت اسکریننگ کے مراحل بھی مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں