کیف:یوکرائن میں امریکی سفارتخانے کی ملازمہ قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون بے ہوشی کی حالت میں ہائی وے کے قریب پارک سے ملی تھی اور سر پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور راہ گیر کی اطلاع پر ایمبولینس کے ذریعے خاتون کو تشویشناک حال میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق خاتون کے جسم پر تشدد کے گہرے نشان موجود تھے، خاتون کو بری طرح سے مارا پیٹا گیا تھا اور حملہ آور مردہ سمجھ کر اسے پارک میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔
ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مقتولہ امریکی شہری تھی یا مقامی، تاہم اس کے پاس سے امریکی سفارتخانہ میں ملازمت کارڈ ملا ہے۔
پولیس نے مشتبہ شخص کے بارے میں ابتدائی معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ممکنہ طور پر حملہ آور کی عمر 30 سے 40 سال کے درمیان تھی اور وہ کالے رنگ کے لباس میں تھا۔