واشنگٹن(15 اپریل 2026): مشرقی بحرالکاہل میں امریکی فورسز نے ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ گزشتہ 4 روز کے دوران بحرالکاہل میں کیا گیا چوتھا امریکی حملہ ہے۔
امریکی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ نشانہ بنائی گئی کشتی میں ہلاک ہونے والے چاروں افراد ‘نارکو دہشت گرد’ تھے جو منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھے۔ الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ اس بحری راستے پر کیا گیا جو مبینہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر سے جاری امریکی کارروائیوں میں اب تک 175 افراد مارے جا چکے ہیں۔ دوسری جانب، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے ان امریکی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ‘ماورائے عدالت قتل’ قرار دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ حملے بین الاقوامی پانیوں میں ماورائے عدالت قتل کے زمرے میں آ سکتے ہیں اور ممکن ہے کہ ان میں عام شہری، خصوصاً ماہی گیر نشانہ بن رہے ہوں۔
دوسری جانب امریکی حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائیاں لاطینی امریکا میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مہم کا حصہ ہیں تاہم اب تک کسی بھی حملے کے حوالے سے ٹھوس شواہد سامنے نہیں لائے گئے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


