منگل, فروری 17, 2026
اشتہار

امریکا میں شٹ ڈاؤن ! ٹرمپ نے ڈیموکریٹ ریاستوں کے فنڈز روک دیئے

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : امریکا میں شٹ ڈاؤن پر ڈیڈلاک برقرار ہے ، امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے ڈیموکریٹ ریاستوں کے فنڈز روک دیئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا میں حکومت کے شٹ ڈاؤن کا دوسرا روز بھی ڈیڈلاک کی نذر ہوگیا۔

ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس اپنے اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا ہے ، وفاقی محکمے بدستور مفلوج ہیں جبکہ ہزاروں ملازمین تنخواہوں کے بغیر ڈیوٹی دینے پر مجبور ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے کہا کہ امریکی سینیٹ میں ریپبلکنز کی 21 نومبر تک فنڈنگ کی تجویز کو 45 کے مقابلے میں 55 ووٹ ملے تاہم یہ ناکام رہی، ڈیموکریٹس کا بجٹ بل بھی 47 کے مقابلے میں 53 ووٹ لے سکا۔ ڈیموکریٹس نے بجٹ بل میں 1.5 ٹریلین ڈالر کا ہیلتھ کیئر پیکج شامل کیا تھا جو مسترد کردیا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹ ریاستوں کے فنڈز روک دیے ہیں۔ وائٹ ہاؤس بجٹ ڈائریکٹر نے بتایا ڈیموکریٹس کی ریاستوں کے لیے 26 ارب ڈالر کا فنڈ منجمد کردیا گیا۔

نیویارک کے ٹرانسپورٹ منصوبوں کے لیے 18 ارب ڈالر بھی روک لیے گئے، جبکہ کیلیفورنیا، واشنگٹن اور ہوائی سمیت 16 ریاستوں کے گرین فنڈز بھی منسوخ کردیے گئے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے 8 ارب ڈالر کے ماحولیاتی منصوبے بھی منجمد کردیئے ہیں۔

دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے خبردار کیا ہے کہ شٹ ڈاؤن کی صورت میں سرکاری ملازمین کو برطرفی اور لازمی سروسز کو برقرار رکھنے کے لیے چھانٹی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ڈیموکریٹس کے سینیٹ لیڈر چک شومر نے صدر ٹرمپ پر عوام کو "یرغمال” بنانے کا الزام لگایا اور کہا کہ شٹ ڈاؤن کو بطور ہتھیار استعمال کیا جارہا ہے۔ ان کے مطابق عوام چاہتے ہیں کہ ہیلتھ کیئر سبسڈی بحال ہو اور میڈیکیڈ کٹوتی واپس لی جائے۔

ریپبلکن رہنما جان تھون نے الزام لگایا کہ ڈیموکریٹس "صدر ٹرمپ سے نفرت میں عقل کھو بیٹھے ہیں”۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈیموکریٹس ہوش کے ناخن لے کر حکومت کھولنے میں کردار ادا کریں گے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں