واشنگٹن(6 مئی 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین سے درآمد کی جانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں پر ٹیرف میں 25 فیصد تک اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق امریکا نے یورپی یونین سے درآمد کی جانے والی گاڑیوں پر ٹیرف میں 25 فیصد تک اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے دونوں بڑے تجارتی شراکت داروں کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے یہ فیصلہ یورپی یونین پر سابقہ تجارتی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال دونوں فریقین کے درمیان ٹیرف کو 15 فیصد پر برقرار رکھنے کا معاہدہ ہوا تھا۔
تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اب اس ٹیرف کو بڑھانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ امریکی حکام کا موقف ہے کہ یورپی یونین معاہدے کی شرائط پر مکمل عمل درآمد نہیں کر رہی۔
اس فیصلے کے نتیجے میں یورپی لگژری گاڑیوں، بالخصوص بی ایم ڈبلیو، مرسڈیز اور آڈی جیسے مہنگے برانڈز کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔ اس اعلان کے فوری بعد یورپی کار ساز کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔
دوسری جانب یورپی یونین نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا اشارہ دے دیا ہے۔ یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ معاہدے پر عمل درآمد جاری ہے اور امریکا کو ایسے یکطرفہ اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


