جمعہ, جولائی 17, 2026
اشتہار

ایم او یو فوری نافذ العمل ہوگا، آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی، وزیر اعظم شہباز شریف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (18 جون 2026): وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے امریکا ایران معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کی توثیق کر دی ہے، سماجی ویب سائٹ پر انھوں نے لکھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انھیں یہ اعلان کرتے ہوئے اعزاز حاصل ہو رہا ہے کہ تاریخی ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ پر امریکا اور ایران نے الیکٹرانک طور پر دستخط کر دیے ہیں۔

ایکس (X) پر ایک پوسٹ میں انھوں نے کہا ’’اس مفاہمتی یادداشت پر دونوں ممالک کے معزز صدور نے دستخط کیے ہیں اور بہ طور ثالث میں نے بھی اس کی توثیق کی ہے۔ متعلقہ حکومتوں کی اعلیٰ ترین سطح پر اس معاہدے پر دستخط اس بات کا مظہر ہیں کہ دونوں فریق تنازع کے سفارتی حل کے لیے پُرعزم ہیں۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور پہلے مرحلے کے طور پر اسلامی جمہوریہ ایران فوراً آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دے گا اور ریاست ہائے متحدہ امریکا فوری طور پر بحری ناکہ بندی ختم کر دے گا۔‘‘

شہباز شریف نے لکھا ’’پاکستان، شریک ثالث ریاستِ قطر کی حمایت سے، 19 جون 2026 کو سوئٹزرلینڈ میں طے شدہ شیڈول کے مطابق سرکاری تقریب کی میزبانی کرے گا، تاکہ اس تاریخی پیش رفت کی یاد منائی جا سکے اور تکنیکی سطح کے مذاکرات کا آغاز کیا جا سکے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ’’امید ہے کہ یہ مفاہمتی یادداشت پورے خطے کے لیے زیادہ بہتر باہمی فہم، باہمی احترام اور مشترکہ خوش حالی کی ایک پائیدار بنیاد ثابت ہوگی۔‘‘

شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی ٹویٹ میں دلی مبارک باد دی، ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کی قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔


امریکا اور ایران کے صدور نے مفاہمتی یادداشت پر الیکٹرانک دستخط کر دیے


واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے صدور نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر الیکٹرانک دستخط کر دیے۔ وائٹ ہاؤس نے ایران امریکا امن معاہدے پر دستخط کی ویڈیو جاری کی ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وارسائی میں عشایئے کے دوران معاہدے پر دستخط کیے، اس موقع پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون بھی موجود تھے۔

ایرانی سرکاری میڈیا نے بھی ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے تصاویر جاری کیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں