واشنگٹن (26 ستمبر 2025): امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے اسرائیل کی فٹبال ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ 2026 سے باہر کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کا اعلان کر دیا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت نے واضح کیا کہ وہ اسرائیل کو فیفا ورلڈ کپ 2026 میں حصہ لینے سے روکنے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرے گی۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے متعدد میڈیا آؤٹ لیٹ کو جاری بیان میں اعلان کیا کہ ہم اسرائیل کی قومی فٹبال ٹیم کو ورلڈ کپ سے روکنے کی کسی بھی کوشش کو مکمل طور پر روکنے کیلیے یقینی طور پر کام کریں گے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 ٹورنامنٹ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں کھیلا جائے گا۔
دراصل اقوام متحدہ کی کے تحقیقاتی کمیشن نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے نسل کشی کی تصدیق کی جس کے بعد سے یورپی فٹبال تنظیم یوئیفا کے اندر اسرائیل کو میچز کھیلنے سے روکنے کیلیے دباؤ بڑھ رہا ہے جو ممکنہ طور پر اسے اگلے سال کے ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنے سے روک سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026 کیلیے کوالیفائی کرنے والی مزید 3 ٹیمیں سامنے آگئیں
یوئیفا کے 20 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی کی اکثریت اسرائیل کی فٹبال ٹیم پر پابندی کی حمایت کرتی ہے۔ روس پر 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد یوئیفا اور فیفا دونوں نے پابندی عائد کی تھی لیکن اسرائیل پر متعدد جنگی جرائم کے الزامات کے باوجود وہ بین الاقوامی فٹبال ایونٹس میں برقرار رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے اسرائیل پر کھیلوں کے پابندیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے دباؤ بڑھایا اور کہا کہ جب تک یہ وحشیانہ پن ختم نہیں ہوتا نہ روس اور نہ ہی اسرائیل کو کسی بین الاقوامی مقابلے میں ہونا چاہیے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یوئیفا کے حکام اگلے ہفتے ایک ہنگامی ووٹنگ کا انعقاد کریں گے تاکہ پابندی پر فیصلہ کیا جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


