میکسیکو (03 جون 2026): میکسیکو سے امریکا تک منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی خفیہ سرنگ پکڑی گئی ہے۔
امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی نے میکسیکو سے امریکا تک منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی خفیہ سرنگ پکڑ لی، 1935 فٹ طویل جدید سرنگ میکسیکو کے شہر تیہوانا کو امریکی شہر سان ڈیاگو سے ملاتی ہے، جو بجلی، ہوا کی آمد و رفت اور ریل سسٹم سہولیات سے لیس ہے۔
سان ڈیاگو میں اس سرنگ کا دہانہ ایک اسٹور کے نیچے نصب لفٹ کے ذریعے چھپایا گیا تھا، امریکی حکام نے کامیاب کارروائی کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کی ایک ٹن سے زیادہ کوکین ضبط کر کے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی بی ایس کے مطابق وفاقی حکام کے مطابق چار افراد کو گرفتار کرکے ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے میکسیکو اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سرحدی شہروں کے درمیان تقریباً دو ہزار فٹ لمبی ایک جدید سرنگ کے ذریعے 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی کوکین اسمگل کی۔ سرنگ میں بجلی، مضبوط دیواریں، ہوا کی نکاسی کا نظام اور ریل ٹریک بھی موجود تھا۔
مجتبیٰ خامنہ ای زندہ ہیں، مارکو روبیو
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق یہ سرنگ کئی ماہ پر محیط تحقیقات کے دوران دریافت ہوئی۔ تحقیقات ایک ایسے گودام کے گرد کی جا رہی تھیں جو بہ ظاہر Buy 4 Less نامی رعایتی اسٹور کے طور پر استعمال ہو رہا تھا۔ یہ گودام میکسیکو کے شہر تیجوانا کی سرحد کے بالکل سامنے واقع ہے۔
حکام کے مطابق کارروائی کے اختتام پر ایک ٹن سے زائد کوکین اور اسٹور کے نیچے قائم انتہائی جدید سرنگ برآمد کی گئی۔ امریکی اٹارنی ایڈم گارڈن نے ایک بیان میں کہا ’’ان ملزمان کے لیے سرنگ کے اختتام پر روشنی نہیں تھی، بلکہ وہاں پولیس کی روشنیاں اور سائرن ان کے منتظر تھے۔‘‘
امریکی محکمہ داخلی سلامتی کی ٹنل ٹاسک فورس نے دسمبر 2025 میں مبینہ Buy 4 Less اسٹور کی نگرانی شروع کی تھی، جب حکام نے وہاں نئے ملازمین کے ایک گروہ کو آتے جاتے دیکھا۔ تحقیقات کے دوران حکام نے نوٹ کیا کہ اسٹور کی سرگرمیاں کسی عام تجارتی دکان جیسی نہیں تھیں۔ مثال کے طور پر، گاہکوں کی آمدورفت نہ ہونے کے برابر تھی اور اسٹور میں خریدار بہت کم آتے جاتے دکھائی دیتے تھے۔
محکمہ انصاف کے مطابق ملازمین کو مبینہ طور پر خالی سوٹ کیس، جنھیں ان کے اٹھانے کے انداز سے خالی سمجھا گیا، گاڑیوں اور بعض اوقات ہاتھوں میں اٹھا کر سرحد پار تیجوانا لے جاتے دیکھا گیا۔ تاہم وفاقی ایجنٹس نے 29 مئی تک کارروائی نہیں کی۔ اس روز انھوں نے مبینہ طور پر دیکھا کہ اسٹور میں ایک سفید وین میں ’’بڑے اور بھاری سامان‘‘ لوڈ کیا جا رہا ہے۔ بعد ازاں وین وہاں سے روانہ ہوئی اور کچھ فاصلے پر ایک سڑک پر کھڑی کر دی گئی۔
حکام کے مطابق بعد میں ایک شخص سائیکل پر آیا، اس نے فیول کیپ کے قریب ایک خفیہ جگہ سے چابی نکالی اور وین کو دوسری وین کے بالکل ساتھ لا کر کھڑا کر دیا۔ اسی دوران ایک بڑا ٹرک بھی وہاں پہنچا اور دونوں گاڑیوں کے درمیان پیکٹوں سے بھرے گہرے فریزر منتقل کیے گئے۔
محکمہ انصاف کے مطابق اس کے بعد سان ڈیاگو کاؤنٹی شیرف آفس کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے اس مبینہ اسمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ اسی وقت وفاقی ایجنٹس نے مبینہ طور پر ایک اور ٹرک کو بھی Buy 4 Less اسٹور پر پیکٹ لوڈ کرتے ہوئے دیکھا۔ حکام کے مطابق پارکنگ لاٹ سے نکلنے کے کچھ ہی دیر بعد اس ٹرک کو بھی روک لیا گیا۔
آخرکار وفاقی حکام نے بتایا کہ روکی گئی تین گاڑیوں سے مجموعی طور پر 2,269 پاؤنڈ (ایک ٹن سے زائد) کوکین برآمد کی گئی۔ امریکی محکمۂ انصاف نے اسٹور کی تلاشی اور تحقیقات کے لیے عدالتی وارنٹ حاصل کیا، جس کے بعد عمارت کے ایک اسٹوریج روم کے فرش کے نیچے سے سرنگ کا خفیہ راستہ دریافت ہوا۔ سرنگ تقریباً 55 فٹ گہری تھی اور امریکی-میکسیکو سرحد تک 1,000 فٹ سے زائد فاصلے تک پھیلی ہوئی تھی۔ محکمۂ انصاف کے مطابق سرنگ سرحد کے میکسیکو والے حصے میں مزید 800 فٹ سے زائد آگے تک جاتی تھی۔
گرفتار ہونے والوں میں 29 سالہ گریگوریو ایپیفانیو ہرناندیز لوپیز اور 32 سالہ جوزے جمنیز، دونوں سان ڈیاگو کے رہائشی، جب کہ 18 سالہ انتونیو کورٹیز اور 26 سالہ برینڈن ایسکالانتے سینڈووال، دونوں میکسیکو کے شہری شامل ہیں۔ چاروں افراد کو منشیات کی ترسیل اور تقسیم کے الزامات کے تحت گرفتار کر کے فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہرناندیز لوپیز کو غیر مجاز سرنگ کی تعمیر، مالی معاونت یا استعمال اور منشیات درآمد کرنے کے اضافی الزامات کا بھی سامنا ہے۔ اگر الزامات ثابت ہو گئے تو چاروں ملزمان کو عمر قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


