بغداد: امریکی سینٹ کام نے تصدیق کی ہے کہ مغربی عراق میں امریکی فوج کا ایک کے سی-135 ری فیولنگ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق یہ واقعہ 12 مارچ کی دوپہر تقریباً 2 بجے پیش آیا۔ طیارے میں کل 6 اہلکار سوار تھے، جن میں سے 4 کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
سینٹ کام کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور فی الحال یہ واضح نہیں کہ حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا یا اسے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب عراق میں سرگرم ایک مزاحمتی تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی طیارے کو انہوں نے مار گرایا ہے۔ تاہم امریکی حکام نے اس دعوے پر براہِ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
امریکی حکام نے مزید کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی جا رہی۔ ضابطے کے مطابق اہل خانہ کو اطلاع دینے کے 24 گھنٹے بعد ان کی شناخت منظرِ عام پر لائی جائے گی۔ مغربی عراق کے جس علاقے میں طیارہ تباہ ہوا، وہاں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔
ایران کے خلاف جاری فضائی بمباری کے دوران امریکی طیارہ عراق میں گرکر تباہ
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


