واشنگٹن(28 نومبر 2025):امریکا میں گرین کارڈ رکھنے والے افراد کیلئے اہم خبر آگئی، امریکا میں مقیم 19 ممالک کے گرین کارڈ ہولڈرز کی دوبارہ جانچ کی جائے گی۔
خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے 19 ممالک سے آئے افراد کو جاری کیے گئے گرین کارڈز کی دوبارہ جانچ کی جائے گی، ان ممالک میں افغانستان، کیوبا، ہیٹی، ایران، صومالیہ، میانمار، چاڈ، جمہوریہ کانگو، لیبیا اور وینزویلا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس کے نزدیک افغان باشندے کی جانب سے نیشنل گارڈز کے اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے سخت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کے سربراہ جوزف ایڈلو نے کہا کہ صدر نے انھیں ہدایت کی ہے کہ امریکا کے لیے تشویش کا باعث بننے والے ممالک سے آنے والوں کے گرین کارڈ کی مکمل اور سخت جانچ پڑتال کریں۔
یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کے سربراہ جوزف نے کہا ہے کہ امریکی عوام سابقہ انتظامیہ کی دوبارہ آبادکاری کی لاپرواہ پالیسیوں کی قیمت برداشت نہیں کریں گے۔
اس سے قبل امریکی صدر نے کہا تھا وہ ان تارکین وطن کی شہریت ختم بھی کر دیں گے جو ’داخلی امن و سکون کو نقصان پہنچاتے ہیں‘ اور کسی بھی ایسے غیرملکی کو ملک بدر کریں گے جو کہ کسی جرم کا مرتکب اور سلامتی کے لیے خطرہ ہو یا مغربی تہذیب کے ساتھ مطابقت نہ رکھتا ہو۔


