کوئٹہ(یکم فروری 2026): امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر، سعودی عرب اور برطانیہ نے بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ناظم الامورنیٹلی بیکر نے بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے، نیٹلی بیکرنے سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کیخلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کی مذمت اور دہشت گردی کے متاثرین اور ان کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
امریکی ناظم الامور نے کہا بی ایل اے امریکا کی جانب سے نامزد کردہ غیر ملکی دہشت گرد تنظیم ہے، پاکستانی عوام کا حق ہے کہ وہ تشدد اور خوف سے آزاد زندگی گزاریں۔
امریکا امن واستحکام یقینی بنانے کی پاکستان کی کوششوں میں ثابت قدم شراکت دار ہے ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
برطانیہ نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے، برطانوی ہائی کمیشن کاکہنا ہے جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور تمام متاثرہ افراد کے ساتھ دلی ہمدردی ہے۔
برطانیہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ امن وسلامتی کے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
سعودی عرب نے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے بلوچستان میں دہشت گردوں کی پُرتشدد کارروائیوں پر تشویش ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی حکومت اورعوام کے ساتھ ہیں۔ سعودی وزارت خارجہ نے حملوں میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
سعودی عرب نے استحکام اور سیکیورٹی کے تحفظ کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


